Photo Credit Yahoo

ن لیگ کو ووٹ دیا تو سندھ کو پنجاب ،کراچی کو لاہور بنا دونگا:شہباز شریف
08 مئی 2018 (20:44)

مٹیاری: وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ آصف زرداری کے زمانے میں سندھ کے ساتھ زیادتی وظلم ہوا،آپ نے مسلم لیگ ( ن ) کو ووٹ دیا تو میں سندھ کو پنجاب اور کراچی کو لاہور بنا دوں گا ، اگر سندھ ترقی نہیں کرتا تو پاکستان ترقی نہیں کرتا، اگر ہمیں موقع ملا تو سندھ کے ہر گوٹھ میں بجلی نہ آئی تو میرا نام شہباز شریف نہیں ہے،میں عوام کی مدد سے سندھ کو خوشحال ترین صوبہ بناﺅں گا چاہے میری جان چلی جائے ، تمام اقلیتی برادری سے کہتا ہوں کہ آپ دھرتی کے سپوت ہیں ، آپ کو پاکستان میں رہنے کا پورا حق ہے ، ایک وعدہ کرو گے ، زرداری کو نہیںچھوڑو گے ، حساب لو گے ، ان سے پیسہ لو گے ،میں سندھ کی سڑکیں بنانے کےلئے ڈیڑھ سو ارب روپے خرچ کروں گا، ان کےلئے یہ بات درست ہے کہ مرسوں مرسوں کام نہ کرسوں ، یہ آپ کے اربوں روپے ملک سے باہر لے گئے ہیں ۔

مٹیاری میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ سندھ صوفیوں کی سرزمین ہے ، پاکستان بناتے وقت سندھ کے لوگوں نے عظیم کردار ادا کیا تھا، زرداری کے زمانے میں سندھ کے ساتھ زیادتی وظلم ہوا، ہاریوں کو خوشحال نہیں کیا ، ہاریوں کو سستی کھاد سستے قرضے نہیں دیے اور نہ ہی روزگار ، اسکول ،اسپتال دیے، میں پہلے پاکستانی ہوں ، اگر سندھ ترقی نہیں کرتا تو پاکستان ترقی نہیں کرتا، سندھ پاکستان کا عظیم خطہ ہے ، سندھ کے باسیوں کو کہتا ہوں کہ اگر آپ نے مسلم لیگ ( ن ) کو ووٹ دیا تو میں سندھ کو پنجاب اور کراچی کو لاہور بنا دوں گا ۔انہوں نے کہا کہ میں نے پانچ برس میں پنجاب کے دیہی علاقوں میں 100ارب روپے کی سڑکیں بنائی ہیں ، اسپتالوں میں سہولیات اور مشینیں موجود نہیں ہیں ،یہاں دانش اسکول نہیں ہیں ، پنجاب میں ساڑھے تین لاکھ طالب علموں کو 17ارب روپے کے وظائف دیے گئے، وہ بچے غریب ہاریوں کے ہیں اور ڈاکٹر ،انجینئر بنے ہیں ، ہم نے پنجاب میں غریب نوجوانوں کو 40ارب روپے کے بلا سود قرضے دیے ہیں ، یہ بچے اپنے خاندان کا ہاتھ بٹاتے ہیں ، پنجاب کے اسپتالوں میں فری ٹیسٹکئے جاتے ہیں ، زرداری نے یہاں لوٹ مار کی ہے ، یہ دھرتی شاہ عبدالطیف بھٹائی کی ہے ، یہ دھرتی نہ پی پی پی کی ہے اور نی پی ٹی آئی کی ہے ۔انہوں نے شعر پڑھ کر سنایا کہ آج سندھ بے حال ہے ، زرداری خوشحال ہے،پنجے گاڑی زرداری ہے، بے بس کسان اور ہاری ہے، محروم بہت مٹیاری ہے۔


انہوں نے کہا کہ میں دوبارہ اس علاقہ میں آﺅں گا ، آپ کا جذبہ اور محبت دیدنی ہے ، میں سندھ کے ہر ضلع میں دانش اسکول بناﺅں گا ، اس اسکول میں کتابوں اور یونیفارم سمیت کھانا مفت ہوتا ہے ، میں سندھ کی سڑکیں بنانے کےلئے ڈیڑھ سو ارب روپے خرچ کروں گا ۔یہ زرداری یہ بنی گالہ ،یہ ہم نوالہ ،ہم نوالہ،یہ اکٹھے ہو گئے ہیں ، ان کےلئے یہ بات درست ہے کہ مرسوں مرسوں کام نہ کرسوں ، یہ آپ کے اربوں روپے ملک سے باہر لے گئے ہیں ، یہ کرپشن کے خاتمہ کی باتیں کرتے ہیں ، 2013میں زرداری حکومت کے اختتام کے بعد ملک میں بجلی نہیں تھی ، مجھے معلوم ہوا ہے کہ سندھ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے ، میں اس معاملے پر اسلام آباد بات کروں گا ۔انہوں نے کہا کہ اگر اللہ نے ہمیں موقع دیا تو سندھ کے ہر گوٹھ میں بجلی نہ آئی تو میرا نام شہباز شریف نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پہلے میرا صوبہ ہے پنجاب بعد میں ہے ، اسی طرح پنجاب آپ کا ہے اور سندھ میرا ہے ، ہم نے مل کر پاکستان کو بنانا ہے ، نوازشریف نے ملک کےلئے دن رات کام کیا ہے ، نوازشریف نے بجلی کے منصوبے لگائے ، سی پیک کا منصوبہ لایا، کراچی میں امن قائم کروایا ، رینجرز نے دن رات محنت کر کے امن قائم کیا ، میں وعدہ کرتا ہوں کہ سندھ کو پاکستان کا سب سے خوشحال صوبہ بنا کر چھوڑیں گے ۔ شہباز شریف نے کہا کہ ایک وعدہ کرو گے ، زرداری کو نہیںچھوڑو گے ، حساب لو گے ، ان سے پیسہ لو گے ، میں عوام کی مدد سے سندھ کو خوشحال ترین صوبہ بناﺅں گا چاہے میری جان چلی جائے ، میں تمام اقلیتی برادری سے کہتا ہوں کہ آپ دھرتی کے سپوت ہیں ، آپ کو پاکستان میں رہنے کا پورا حق ہے ، جس طرح 90کی دہائی میں نوازشریف کے ہاریوں کو زمینیں الاٹ کیں اس مرتبہ اسی طرح بھی کچے کی جو زمینیں بچ گئی ہیں وہ بھی ہاریوں کو دیں گے ، ان کو مالک بنائیں گے ۔ شہباز شریف نے آخر میں پاکستان زندہ باد ،قائداعظم زندہ باد ، مسلم لیگ ( ن ) زندہ باد اور نوازشریف زندہ باد کے نعرے لگائے ۔


ای پیپر