Photo Credit Yahoo

جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کا اپنا وجود ختم کر نے اور پی ٹی آئی میں ضم ہونے کا فیصلہ
08 مئی 2018 (19:18) 2018-05-08

لاہور: جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے 15سے زائد اراکےن قومی وصوبائی اسمبلی نے تحریک انصاف میں ضم ہونے کا فیصلہ کرلیا‘آج (بدھ) باقاعدہ اعلان کر یں گے ۔تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب صوبہ محاذ اور تحریک انصاف کے درمیان کئی روز مذاکرات کا سلسلہ جاری رہا اور اس سلسلے میں تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں کمیٹی مذاکرات کررہی تھی تحریک انصاف اور جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے رہنماﺅں نے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور جنوبی پنجاب محاذ کے درمیان مذاکرات مکمل ہوگئے ہیں تاہم اس حوالے سے دیگر تفصیلات آج ( بدھ ) اسلام آباد میں جاری کی جائیں گی۔جبکہ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے بھی گفتگو کرتے ہوئے جنوبی پنجاب صوبہ محاذ سے مذاکرات کامیاب ہونے کی تصدیق کی۔انہوں نے بتایا کہ خسرو بختیار اور دیگر رہنماﺅں سے کافی عرصے سے مذاکرات جاری تھے جن میں پی ٹی آئی کے 29 اپریل کے جلسے کے بعد تیزی آئی تھی۔ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ سے درخواست کی تھی کہ اکٹھے ہوکر صوبے کے لیے کوشاں ہوں اور اسے کامیاب بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ( بدھ ) ایک تاریخی دن ہے جس میں جنوبی پنجاب کے نئے روشن مستقبل کا اعلان ہوگا، جنوبی پنجاب صوبہ محاذ والے تحریک انصاف میں ضم ہوں گے، عمران خان آج ( بدھ ) جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے رہنماﺅں کے پاس جائیں گے جہاں پریس کانفرنس ہوگی۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم مل کر الیکشن لڑیں گے جو (ن) لیگ کو بڑا جھٹکا ہے، (ن) لیگ کا وجود جنوبی پنجاب میں بہت کم رہ گیا ہے اور پیپلزپارٹی کا خاتمہ ہوگیا ہے۔یہ ہماری پارٹی کے لیڈنگ ممبران ہوں گے، پارٹی کو ان کی ضرورت ہے اور ان کے سیاسی تجربے سے فائدہ ہوگا۔


ای پیپر