وزیراعظم کی معاشی ٹیم کو خوردنی تیل اور پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز میں کمی کی ہدایت
سورس:   فائل فوٹو
08 مارچ 2021 (21:42) 2021-03-08

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے معاشی ٹیم کو خوردنی تیل اور پیٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسز میں کمی کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں ملک میں گندم کی پیداوار، کھپت اور ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے حکمت عملی سمیت گندم، آٹے کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے جبکہ چینی کی پیداوار اور قیمتوں کے حوالے سے وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم کو صوبوں میں گندم کی ضروریات کو پورا کرنے خصوصاً ماہ رمضان میں عوام کو رمضان بازاروں و دیگر انتظامات کے ذریعے سستے آٹے کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات پر بریفنگ دی گئی جب کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق خوردنی تیل، پٹرولیم مصنوعات و گیس کی قیمتوں میں ممکنہ حد تک کمی کو یقینی بنانے کے لئے بھی مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آٹے، چینی جیسی بنیادی اشیاء کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے جبکہ بنیادی اشیائے ضروریہ کے ضمن میں مستحق اور غریب افراد کو براہ راست سبسڈی کی فراہمی کے حوالے سے پروگرام تشکیل دیا جا رہا ہے جس سے نہ صرف حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سبسڈی براہ راست مستحق افراد کو میسر آئے گی بلکہ سبسڈی کے نظام کو شفاف اور موثر بنایا جا سکے گا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آٹے جیسی بنیادی خوراک کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہو جب کہ گندم کی ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے پیشگی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو ہدایت کی کہ خوردنی تیل، پٹرولیم مصنوعات اور دیگر اشیاء پر عائد ہر ٹیکس کا جائزہ لیا جائے تاکہ جہاں تک ممکن ہو ٹیکسوں کے بوجھ میں کمی لا کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے، بالواسطہ ٹیکسوں کا سب سے زیادہ بوجھ غریب عوام پر پڑتا ہے لہذا اس بوجھ میں کمی لانے کے لئے آؤٹ آف باکس حل تجویز کیے جائیں تاکہ جہاں ریاستی آمدن متاثر نہ ہو وہاں غریب عوام کو ٹیکسوں کے بوجھ سے بچایا جا سکے۔

بشکریہ(نیو نیوز)


ای پیپر