پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کا مجوزہ شیڈول آئی پی ایل اور ٹی 20 بلاسٹ سے متصادم
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
08 مارچ 2021 (19:17) 2021-03-08

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز کیلئے مجوزہ شیڈول انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) اور ٹی 20 بلاسٹ سے متصادم ہے جس کے باعث غیر ملکی کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کا بھی قوی امکان ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز جاری کردہ شیڈول کے مطابق آئی پی ایل کا آغاز 9 اپریل کو ہو گا جس کے میچز 6 وینیوز پر جاری رہیں گے جبکہ فائنل میچ 30 مئی کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا،دوسری جانب ملتوی ہونے والی پی ایس ایل 6 کو مکمل کرنے کیلئے رواں سال ممکنہ پہلی ونڈو بھی مئی میں ہی نظر آ رہی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) قومی ٹیم کی زمبابوے سے18 مئی کو وطن واپسی کے بعد باقی میچز کرانے پر غور ہو رہا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق اگر پی ایس ایل کے مقابلے قومی ٹیم کے دورہ زمبابوے کے بعد شروع ہوئے تو اس وقت آئی پی ایل عروج پر ہو گی جس کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ کے چند نامور کھلاڑی پاکستانی فرنچائزز کو دستیاب نہیں ہوں گے تاہم پی سی بی اس کی پرواہ کئے بغیر اپنی سہولت کے مطابق لیگ کا شیڈول ترتیب دینے کا ارادہ ظاہر کر چکا،حکام کا خیال ہے کہ پاکستانی لیگ کھیلنے والے کئی کرکٹرز بھارتی ایونٹ کا حصہ نہیں بنتے، اس لئے زیادہ مسئلہ نہیں ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلش ٹی 20 بلاسٹ کا شیڈول بھی پی ایس ایل سے متصادم ہونے پر پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس کا آغاز 9 جون سے ہو گا لیکن قرنطینہ کی شرط پوری کرنے کیلئے ملکی اور غیر ملکی کرکٹرز کو پہلے رپورٹ کرنا ہو گی۔دوسری جانب  پی ایس ایل سے قبل بھی 10روزہ قرنطینہ کی تجویز ہے جس کے باعث پاکستانی لیگ میں شرکت کرنیوالے کرکٹرز بروقت انگلینڈ واپس نہیں پہنچ پائیں گے۔

(بشکریہ: نیو نیوز)


ای پیپر