Society, inactive, women empowerment, Maryam Nawaz, Bilawal Bhutto
08 مارچ 2021 (14:21) 2021-03-08

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ بااختیار خواتین کے بغیر معاشرہ غیر فعال ہوجاتا ہے ۔

اپنی ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا کہ وہ ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھتی ہیں جہاں خواتین ہر شعبے میں نمایاں کردار ادا کریں ۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے بھی خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے ٹویٹ کیا، کہا صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب اور پیپلز پارٹی کا منشور ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ صدی خواتین کی پیش قدمی کی صدی ثابت ہوگی ۔

اس سے قبل یوم خواتین پر اپنے پیغام میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ پاکستانی خواتین نے قوم کی عزت اور وقار میں اضافے کیلئے بے پناہ خدمات سر انجام دی ہیں ، خواتین بہت قابل عزت و تکریم ہیں ۔

آرمی چیف نے کہا کہ یونیفارم میں خواتین نے قوم اور انسانیت کی بڑی خدمت کی ہے ، یونیفارم میں خواتین نے اپنی صلاحیتیں منوائی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی خواتین عالمی وبا کے خلاف جنگ میں بھی پیش پیش ہیں ۔

خیال رہے کہ پاکستانی خواتین نے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ خواتین پاکستان کی آبادی کا 52 فیصد ہیں ، خواتین مختلف شعبوں میں مردوں کے شانہ بشانہ خدمات سرانجام دے رہی ہیں ۔

افواج پاکستان نے خواتین کو بھرپور کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کیے ہیں ، خواتین پہلے صرف طب کے شعبے سے وابستہ تھیں لیکن آج وہ مختلف شعبوں میں اپنی کارکردگی کے جوہر دکھا رہی ہیں ۔

خواتین کور آف سگنلز ، الیکٹریکل اینڈ مکینیکل انجیئرنگ میں فرائض انجام دے رہی ہیں ۔ خواتین آرڈیننس ، آرمی سروسز کور ، میڈیکل کور میں خدمات انجام دے رہی ہیں ۔

اس کے علاوہ ایجوکیشن برانچ ، ایڈمن اینڈ سروسز ، پبلک ریلیشنز میں خواتین خدمات سر انجام دے رہی ہیں ۔

پاکستان سمیت پوری دنیا میں خواتین قیادت اور فیصلہ سازی میں بھی برابر کی شریک ہیں ۔ لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر اس کی زندہ مثال ہیں ، لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر اسلامی دنیا کی پہلی خاتون سرجن جنرل ہیں ۔

اسی طرح میجر جنرل شاہدہ ملک افواج پاکستان میں خدمات انجام دے چکیں ۔


ای پیپر