بھارتی صحافی کھل کر مودی کیخلاف ہو گئے
08 مارچ 2019 (21:01) 2019-03-08

واشنگٹن: معروف بھارتی صحافی پنکج مشرا اور اجے شکلا نے وزیراعظم نریندرا مودی کی انتخابات جیتنے کی لالچ میں پاکستان مخالف جذبات کو بھڑکانے، ہندو قوم پرستوں کی سیاست اور میڈیا کے منفی رویے کو بے نقاب کردیا، آرام دہ کرسی پر براجمان بھارتی جنرلز اور بے لگام میڈیا نے بھارتی عوام کو پاکستان کے خلاف خیالی جنگ کے نشے پر لگا دیا ہے، مودی حکومت نے ملک بھر میں مسلمان مخالف ایجنڈا شروع کر رکھا ہے۔

تفصیلات کے مطابق معروف بھارتی صحافی پنکج مشرا اور اجے شکلا نے وزیراعظم نریندرا مودی کی انتخابات جیتنے کی لالچ میں پاکستان مخالف جذبات کو بھڑکانے، ہندو قوم پرستوں کی سیاست اور میڈیا کے منفی رویے کو بے نقاب کردیا۔ سینیئر بھارتی صحافی پنکج مشرا نے امریکی ویب سائٹ بلوم برگ میں اپنے کالم بہ عنوان فارغ جنرلز بھارت کو مشکلات کی جانب لے جا رہے ہیں میں وزیراعظم عمران خان کے جنگ بندی کے اقدامات اور فہم و تدبر کی تعریف کرتے ہوئے اپنے وزیراعظم مودی اور ہندو قوم پرستوں کو آڑے ہاتھوں لیا جب کہ بھارتی میڈیا کی جلتی پہ آگ چھڑکنے کی روش پر بھی کڑی تنقید کی۔

صحافی پنکج مشرا نے لکھا کہ آرام دہ کرسی پر براجمان بھارتی جنرلز اور بے لگام میڈیا نے بھارتی عوام کو پاکستان کے خلاف خیالی جنگ کے نشے پر لگا دیا ہے۔ مودی الیکشن سے پہلے کشیدگی بڑھانے کے لیے کمر بستہ ہیں تو بھارتی جرنیل ٹی وی پر بیٹھ کر مار دو یا مر جا کے ساتھ شاندار فتوحات کے خواب بیچتے ہیں۔ صحافی نے مزید لکھا کہ ریٹائرمنٹ لائف سے بور جنرلز بھارت کے دقیانوسی جنگی ساز وسامان کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے ٹی وی پر محض لفاظی سے کام لے رہے ہیں۔ حقائق سے بے بہرہ یہ جنرلز ایڈونچر کا عزم لیے ہوئے ہیں اور بدقسمتی سے انہیں مودی کی حمایت حاصل ہے۔ بھارتی صحافی مشرا نے وزیراعظم عمران خان کے مدبرانہ فیصلوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اقدامات کے باوجود جنگ کے خطرات ٹلے نہیں ہیں کیونکہ مودی اپنی زندگی کے سب سے اہم الیکشن سے پہلے کشیدگی بڑھانے کے لیے کچھ بھی کرسکتے ہیں۔


ای پیپر