Imran Khan, PTI government, Pakistan, economy, Bilawal Bhutto, PPP
08 جون 2021 (10:25) 2021-06-08

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کی نااہلی کی وجہ سے گھر ، گھر معاشی تباہی کی داستانیں رقم ہو رہی ہیں ۔ اگر پاکستان کی ڈوبتی معیشت کو بچانا ہے تو عمران خان کی حکومت سے نجات حاصل کرنا ہوگی ۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کے پاس کھانے کو روٹی نہیں ، پہننے کو کپڑا نہیں ، سر پر چھت نہیں پھر بھی عمران خان کہتے ہیں کہ گھبرانا نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے دور میں 50 فیصد عوام غربت کا شکار تھے اور آج عمران خان نے پھر حالات کو اسی نہج پر پہنادیا جہاں سے پی پی پی نے ملک کو نکالا تھا ۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک میں گندم دستیاب مگر آٹا مہنگا ، گنا موجود مگر چینی کی قیمتیں قابو سے باہر یہ عمران خان کی مافیا کی سرپرستی کے نتائج نہیں تو اور کیا ہیں؟ پی ٹی آئی کو بجٹ میں تنخواہ دار اور پنشنرز سمیت عام آدمی کے ریلیف کی کوئی فکر نہیں ، ان کا ٹارگٹ صرف جی ڈی پی کے غلط ہندسے کو درست ثابت کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں عام آدمی کے ریلیف کا معاملہ سبوتاژ کرنے کے لئے پی ٹی آئی حکومت نے جی ڈی پی کے غلط اعداد وشمار کا شوشہ چھوڑا ہے ۔ اگر جی ڈی پی میں اضافہ ہوتا ہے تو ملک میں نوجوانوں کو نوکریاں ملتی ہیں مگر عمران خان کی فوٹوشاپ جی ڈی پی اضافے نے برسرِ روزگار کو بیروزگار کردیا ہے ۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کے دورِ حکومت میں ملک میں ہر پانچواں فرد یا تو نوکری سے محروم ہوا ہے یا اس کی آمدنی میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے علاوہ کسی دوسری پارٹی نے آج تک ایسا عوامی بجٹ نہیں بنایا کہ جس میں تنخواہ دار اور پنشنرز سمیت عام آدمی کو ریلیف ملا ہو ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کپاس کی قیمتیں گیارہ سالہ ملکی تاریخ میں بلند ترین سطح پر پہنچا کر ملک کے ٹیکسٹائل سیکٹر کے لئے بھی ایک نیا بحران پیدا کردیا ہے ۔


ای پیپر