Train crash kills more than 60, injures dozens, death toll rises
کیپشن:   فائل فوٹو
08 جون 2021 (10:04) 2021-06-08

گھوٹکی: صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی دو ٹرینوں کے درمیان اندوہناک تصادم کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 60 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ درجنوں زخمی ابھی تک ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، ان میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔ صورتحال کے پیش نظر اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ اتوار کی رات تقریباً 3 بج کر 45 منٹ پر پاکستان ریلوے کی دو ٹرینوں سرسید ایکسپریس اور ملت ایکسپریس کے درمیان خوفناک تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔

دور دراز علاقہ ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیاں فوری شروع نہیں کی جا سکی تھیں۔ تاہم پاک فوج کے جوانوں نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو میں حصہ لیا جبکہ ہیوی مشینری بھی پہنچائی گئی جس سے گھنٹوں سے ٹرین میں موجود زخمیوں اور لاشوں کو نکالا گیا تھا۔

ریلوے ذرائع کے مطابق اس قیامت خیز حادثے کا شکار ٹرینوں میں تقریباً 1200 سے زائد مسافر سوار تھے جو اپنی منزل مقصود تک نہ پہنچ سکے۔ اعدادوشمار کے مطابق سر سید ایکسپریس میں 504 جبکہ ملت ایکسپریس میں 765 مسافر سوار تھے۔

حادثے کا شکار سرسید ایکسپریس لاہور سے کراچی جبکہ ملت ایکسپریس کراچی سے سرگودھا جا رہی تھی۔

پاکستان ریلویز کی جانب سے ہیلپ لائن نمبر 0719310087 جاری کیا گیا ہے، اس نمبر پر رابطہ کرکے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ راولپنڈی، سکھر، فیصل آباد، سکھر اور کراچی میں شہریوں کی مدد کیلئے سینٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں۔

اس اندوہناک حادثے کے بعد ہسپتالوں میں ایمرجنسی کا نفاذ کر دیا گیا ہے جبکہ ٹرینوں کی آمدورفت معطل کرکے امدادی کارروائیاں مکمل کی جا رہی ہیں۔


ای پیپر