بھارت کا پاکستان مخالف پروپگینڈا ،دفتر خارجہ کا اہم بیان
08 جون 2020 (22:38) 2020-06-08

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیر میں 9 نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو جعلی مقابلوں میں ایک ہی دن میں 9 کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل پر سخت تشویش ہے۔

ایک بیان میں ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ بھارتی قابض افواج نے سرچ آپریشن کے نام پر کئی گھر تباہ کیے ، آنسو گیس اور پیلٹ گنز کا استعمال کیا،ایسے وقت میں جب عالمی برادری کوویڈ-19 کے خلاف برسرپیکار ہے، بھارت کشمیر میں بربریت کا بازار گرم کیے ہوئے ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ صرف ایک دن میں 9 کشمیریوں کے قتل سے بھارت کے انسانیت سوز جرائم میں ملوث ہونے کا پول کھل گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بھارتی حکومت ٹریننگ اور انفلٹریشن کے الزامات عائد کرکے کشمیری مزاحمتی جدوجہد کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے، بی جے پی اور آر ایس ایس کے غیر انسانی و غیرقانونی مشترکہ موقف کا دنیا کے سامنے پول کھل گیا ہے، دونوں انتہاء پسند ‘‘ہندوتوا’’ ایجنڈا پر عمل پیرا ہیں،بھارتی مظالم کشمیریوں کے عزم میں دراڑ نہیں ڈال سکتے، بھارت کا پاکستان مخالف پراپیگنڈا مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کے مظالم کی طرف سے توجہ نہیں ہٹاسکتا۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ ایک ایک شہادت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو جلا بخشتی ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق یقینی بنایا جائے، پاکستان کبھی کشمیریوں کی مکمل حمایت سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ترجمان نے کہاکہ عالمی برادری کشمیری عوام کے خلاف بھارتی جرائم رکوانے کے لئے کردار ادا کرے۔


ای پیپر