فردوس عاشق کی طرف سے رانا ثناء اللہ کو ہرجانے کا نوٹس
08 جون 2019 (17:06) 2019-06-08

اسلام آباد :وزیر اعظم کی معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے وکلاء کی طرف سے رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ کو2ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوادیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق لیگل نوٹس 26 مئی کو معاون خصوصی اطلاعات کے حوالے سے بے بنیاد اور جھوٹے بیانات پر بجھوایا گیا ہے۔ نوٹس میں موقف اختیار کیا گیاکہ فردوس عاشق اعوان دنیا بھر میں ایک قابل اور ایماندار سیاستدان کے طور پر جانی جاتی ہیں،وہ دس سال تک قومی اسمبلی اور پانچ مختلف وزارتوں میں وزیر کے عہدے پر فائز رہی ہیں۔ نوٹس میں کہاگیاکہ اس وقت بھی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی بطور معاون خصوصی اطلاعات اہم ذمہ داریاں ہیں،ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کی تقریبا 20 سالہ عوامی خدمات ہیں۔

نوٹس میں کہاگیاکہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا تعلق ایک انتہائی معزز گھرانے سے ہے،وکلاء نے کہا کہ رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو میں ہماری موکلہ پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگائے،جھوٹے الزامات کی وجہ سے ہماری موکلہ کی دل آزاری شہرت کو نقصان اورساکھ مجروح ہوئی ہے۔ لیگل نوٹس کے ذریعے رانا ثناء اللہ کو مطلع کیا جاتاہے کہ ان الزامات کی تردید کریں اور معافی مانگیں۔

وکلاء نے کہاکہ تردید اور معافی کو اسی انداز میں نشر اور شائع کروایا جائے جس طرح سے جھوٹے الزامات کو نشر اور شائع کیا گیا۔


ای پیپر