کیپٹن عارف اللہ شہید اور سپاہی محسن علی شہید سپرد خاک
08 جون 2019 (14:47) 2019-06-08

لکی مروت:شمالی وزیر ستان میں شہید کیپٹن عارف اللہ ٗ سپاہی محسن علی شہید کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق لکی مروت میں شہید کیپٹن عارف اللہ کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا، کیپٹن عارف اللہ کی نمازجنازہ میں جی او سی 9 ڈویژن اسد نواز سمیت اعلی فوجی و سول افسران اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پاک فوج کے سپاہی محسن علی کی نماز جنازہ جڑانوالا کے آبائی گائوں پٹھان والا میں ادا کی گئی، شہید کو پاک فوج کے چاقو چوبند دستے نے سلامی دی اور پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ شہید کی نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسران، جوانوں، پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے نواب شیر وسیر سمیت سیاسی، سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد کے نعرے فضا میں بلند کئے۔

ایف سی اہلکار محسن علی پاک افغان سرحد کے علاقے غلام علی میں بارودی سرنگ دھماکے میں شہید ہوئے تھے، شہید کے والد منظور احمد کا کہنا ہے مجھے اپنے بیٹے کی وطن کے لئے دی گئی قربانی پر فخر ہے، وطن کی حرمت و بقا کے لئے ہمارے خون کا آخری قطرہ بھی حاضر ہے۔

ادھر شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے نائب حوالدار ظہیر احمد کا جسد خاکی ان کے آبائی گائوں پیپلی پہنچا دیا گیا، شہید کا تعلق چکوال کے نواحی گاں پیپلی سے تھا۔


ای پیپر