پاکستان کی ٹوئنٹی20کرکٹ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن داﺅ پر لگ گئی
08 جون 2018 (21:52) 2018-06-08

ایڈنبرا: پاکستان کی ٹوئنٹی20کرکٹ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن داﺅ پر لگ گئی۔ پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان 2ٹوئنٹی20میچز بالترتیب12اور 13جون کو ایڈنبرا میں کھیلے جائینگے، اس وقت گرین شرٹس رینکنگ میں 130پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں، نمبر 11اسکاٹش ٹیم سے دونوں میچز جیتے تو ایک پوائنٹ کا اضافہ ہو جائے گا۔سیریز1-1سے برابر ہونے پر بھی پہلی پوزیشن برقرار البتہ3پوائنٹس کی کٹوتی سے نمبر 2آسٹریلیا کے ساتھ فاصلہ صرف ایک پوائنٹ کا رہ جائے گا۔

البتہ اگر غیر متوقع طور پر دونوں میچز میں ناکامی ہوئی تو 7پوائنٹس کی کٹوتی سرفراز الیون کو تیسرے درجے پر لے جائے گی، یوں 126پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا سرفہرست اور 123پوائنٹس کی حامل تیسری پوزیشن پر موجود بھارتی ٹیم اعشاریائی فرق سے نمبر 2بن جائے گی۔اس وقت رینکنگ کی ابتدائی تین پوزیشنز پر پاکستان ، آسٹریلیا اور بھارت موجود ہیں، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کا بالترتیب چوتھے سے ساتواں نمبر ہے، بنگلہ دیش کو سیریز میں شکست دینے والی افغان ٹیم آٹھویں نمبر پر برقرار رہی، سری لنکا نمبر 9 اور بنگال ٹائیگرز ٹاپ 10 کے آخری شریک ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال بھی مختصر طرز میں گرین شرٹس کی کارکردگی بہترین رہی ہے، ٹیم نے نیوزی لینڈ سے سیریز کا پہلا میچ ہارنے کے بعد پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا، اگلے دونوں میچز جیت کر سیریز اپنے نام کی اور پھر ویسٹ انڈیز کو بھی کراچی میں تینوں ٹی ٹوئنٹی میں مات دی۔


ای پیپر