پاکستان قیام امن کے لئے تمام اقدامات کی حمایت کرے گا، آرمی چیف
08 جنوری 2020 (20:22) 2020-01-08

راولپنڈی: چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ پاکستان خطے میں کشیدگی میں کمی چاہتاہے اور وہ خطے میں امن لانے کے تمام اقدامات کی حمایت کرے گا ،تمام متعلقہ فریقین کو بیان بازی سے گریز کاکہاہے ، ہم نے دہشت گردی کے خلاف لڑتے ہوئے خطے میں امن لانے کےلئے بہت زیادہ کام کیا ہے ، افغان مفاہمتی عمل کی کامیابی کےلئے اپنا تعمیری کردار جاری رکھیں گے،خطہ نئے تنازعات میں گھرنے کی بجائے مسائل کے حل کی طرف جائے۔

بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر کی کال موصول کی،اس دوران امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ امریکہ تنازعہ نہیں چاہتا لیکن ضرورت پڑی تو وہ بھرپور جواب دے گاجبکہ آرمی چیف نے کہاکہ ہم کشیدگی کو کم کرنا چاہتے ہیں اور خطے میں امن لانے کے تمام اقدامات کی حمایت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام متعلقہ فریقین کو کہا ہے کہ وہ سفارتکارانہ روابط کےلئے دوسری بیان بازی سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف لڑتے ہوئے خطے میں امن لانے کےلئے بہت زیادہ کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغان مفاہمتی عمل کی کامیابی کےلئے اپنا تعمیری کردار جاری رکھیں گے تا کہ اسے پٹڑی سے نہ اتارا جائے اور خطہ نئے تنازعات میں گھرنے کی بجائے مسائل کے حل کی طرف جائے۔


ای پیپر