بھارت ایران ،امریکہ کشیدگی کے خاتمہ کیلئے اپنا کردار ادا کرتے :ایرانی ایلچی
08 جنوری 2020 (18:26) 2020-01-08

نئی دہلی:نئی دہلی میں ایران کے ایلچی علی چیگنی نے کہا ہے کہ ایران امریکا تناﺅ میں کمی کےلئے ایران بھارت کے ہر اقدام کا خیر مقدم کرے گا، بھارت ایران کا بہت اچھا دوست ہے، ایران جنگ کےلئے تیار نہیں ہے، ایران خطے میں امن و امان اور ترقی کا خواہشمند ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران نے فوجی کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد امریکہ کے ساتھ باہمی تناﺅ میں کمی کےلئے بھارتی اقدامات کا خیر مقدم کیا ہے ۔

ایرانی سفیر نے بدھ کے روز صحافیوں سے یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے اپنے اعلی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لئے عراق میں دو امریکی فوجی اڈوں کے خلاف میزائل حملے کئے تھے تاہم ایران جنگ کی خواہش نہیں رکھتا،۔ ہم امن پسند ہیں خطے میں امن کے قیام اور ترقی کے خواہاں ہیں۔ بھارت عام طور پر دنیا میں امن برقرار رکھنے میں بہت اچھا کردار ادا کرتا ہے۔ ایران کے ساتھ بھارت کے تعلقات خصوصی حیثیت رکھتے ہیں۔ ایک اچھے دوست کی حیثیت سے ہم تمام بھارتی اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہیں تاکہ کشیدگی میں اضافہ نہ ہو۔

نئی دہلی میں ایرانی سفیر علی چیگنی نے سفارتخانے میں سلیمانی کے لئے تعزیتی اجلاس کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ ہم اس خطے میں ہر ایک کے لئے امن اور خوشحالی کی تلاش میں ہیں۔ بھارت ایران کا بہت اچھا دوست ہے ۔ عراق میں امریکی اہداف پر ایرانی حملے کے بارے میں ، چیگینی نے کہا کہ ان کے ملک نے اپنے دفاع کے حق کے تحت جوابی کارروائی کی۔واضح رہے کہ بھارتی وزیر خارجہ ایس جیشنکر نے اتوار کے روز اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے بات چیت کرتے ہوئے کشیدگی میں اضافے پربھارتی خدشات کا اظہار کیا تھا۔


ای پیپر