فوٹو بشکریہ فیس بک

پی سی بی نے سرفراز احمد کی قیادت سے دستبرداری کی خبروں کی تردید کر دی
08 جنوری 2019 (11:02) 2019-01-08

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کی قیادت سے دستبرداری کی خبروں کی تردید کر دی۔

پی سی بی ترجمان کے مطابق سرفراز احمد مسلسل دوسری ٹیسٹ سیریز ہارنے اور ٹیم کی ناقص کارکردگی سے مایوس ضرور ہیں لیکن قیادت چھوڑنے پر غور نہیں کررہے۔ پی سی بی نے سرفراز احمد کے تیسرا ٹیسٹ نہ کھیلنے کی اطلاعات کو مسترد کر دیا۔

جنوبی افریقا میں ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد کپتان سرفراز احمد کے استعفے کی افواہیں پھیلا دی گئیں کہ تیسرے ٹیسٹ میں سرفراز کا خلا وکٹ کیپربیٹسمین محمد رضوان پُر کریں گے۔

کیپ ٹاؤن میں موجود ٹیم انتظامیہ کے مطابق ایسی صورتحال میں قیادت تبدیل کرنے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں۔ بعض حلقے اس حوالے سے خواہشات کو خبر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ دو صفر سے سیریز پہلے ہی جیت چکا ہے۔ تیسرا اور آخری میچ 11 جنوری کو جوہانسبرگ میں شروع ہوگا۔


ای پیپر