پشاور میں طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا
08 فروری 2020 (21:36) 2020-02-08

پشاور : پشاور ایئر پورٹ پر تربیتی طیارہ کچے میں اترنے سے بال بال بچ گیا ، پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بریک لگا دیے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سے پشاور پہنچنے والا نجی فلائنگ کلب کا تربیتی طیارہ ایئر پورٹ پر لینڈنگ کے بعد ٹیکسی وے پر تھا کہ اچانک الٹے سائیڈ کا ٹائر پنکچر ہونے سے بیٹھ گیا ، تاہم پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بریک لگا دیے اور طیارے کو کچے میں اترنے سے بچا لیا۔

طیارہ تربیتی پرواز پر تھا، اور اس میں کوئی مسافر موجود نہیں تھا، حادثے کے باعث پشاور ائیر پورٹ کا ٹیکسی وے 2 گھنٹے تک بند رہا، تاہم حادثے کے باعث فضائی آپریشن متاثر نہیں ہوا، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے ہنگامی بنیادوں پر طیارے کو ٹگ ماسٹر کے ذریعے ٹیکسی وے سے ہٹا کر سائیڈ پر کھڑا کر دیا، بعد ازاں نجی فلائنگ کمپنی نے فوری طور پر اسلام آباد سے نیا ٹائر منگوا کر تبدیل کر دیا۔


ای پیپر