اقوام متحدہ نے خاشقجی کے قتل میں سعودی عرب کو ملوث قرار دیدیا
08 فروری 2019 (12:07) 2019-02-08

نیویارک :اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کو سعودی حکام نے منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا۔

جمال خاشقجی کے قتل کی تحقیقات کے لیے ترکی جانے والے تین رکنی انکوائری کمیشن نے خاشقجی قتل کیس سے متعلق آڈیو ثبوت کا جائزہ لیا۔مشن میں شامل نمائندہ خصوصی اقوام متحدہ اگینز کلیمرڈ نے کہا ہے کہ سعودی اہلکاروں نے جمال خاشقجی کو پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت وحشیانہ انداز میں قتل کیا۔ اگنیز کا مزید کہنا ہے کہ استنبول میں دوران تفتیش جمع کیے گئے شواہد سے بادی النظر میں یہ پیشہ ورانہ بد اعمالی کا کیس ہے جبکہ سعودی عرب نے ترکی کی تحقیقات میں رخنے بھی ڈالے تاہم تقریباً 4 ماہ بعد بھی جمال خاشقجی کی لاش نہیں مل سکی ہے۔

ماورائے عدالت قتل کی تفتیش کے ماہر اگینز کا مزید کہنا ہے کہ جمال خاشقجی کا سفاکانہ قتل ان کے پیاروں کے لیے ناقابل یقین صدمہ ہے جس کے عالمی سطح پراثرات مرتب ہوئے ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے معاملے پر فوری توجہ دینے کا مطالبہ بھی کیا۔واضح رہے کہ تین رکنی کمیشن جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے سامنے رپورٹ جون میں پیش کرے گا


ای پیپر