امریکہ میں پاکستانی سفیر نے چارج چھوڑنے کیلئے 2 ہفتے کا وقت مانگ لیا
08 دسمبر 2018 (17:45) 2018-12-08

اسلام آباد : بیرون ممالک سبکدوش سیاسی سفیروں کے لئے حکومتی ڈیڈلائن ختم ہوگئی ، علی جہانگیر صدیقی نے چارج چھوڑنے کے لئے 2 ہفتے کا وقت مانگ لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے بیرون ممالک سبکدوش سفیروں کو دی جانے والی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی ہے ، سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ میں تعینات سفیر علی جہانگیرصدیقی نے چارج چھوڑنے کے لئے 2 ہفتے کا وقت مانگ لیا ہے، جس پر وزارت خارجہ نے علی جہانگیرصدیقی کومزید 2 ہفتیکاوقت دے دیا ہے۔ علی جہانگیرنے وزارت خارجہ سے بچوں کی تعلیم مکمل ہونے تک کاوقت مانگا تھا۔

ڈیڈ لائن ختم ہونے پر کینیڈامیں ہائی کمشنرطارق عظیم خان ، سعودی عرب میں سفیرخان حشام بن صدیق چارج چھوڑدیا ہے جبکہ مراکش، کیوبا اور سربیا میں سفیروں نے بھی چارج چھوڑ دیا ہے۔ سبکدوش سفیروں نے چارج نائب سفیروں کے حوالے کردیا ہے۔یاد رہے وزارت خارجہ نے سفیروں کو 7 دسمبر تک عہدے چھوڑنے کی ڈیڈلائن دی تھی۔

خیال رہے نئی حکومت نے آتے ہی بیوروکریسی میں وسیع پیمانے پر تقرریوں اور تبدیلیوں کے بعد مختلف ممالک میں پاکستانی سفیروں کی بھی نئی تعیناتیاں اور تبدیلیاں کی تھی جبکہ دفتر خارجہ میں بھی چند اہم پوسٹوں پر تقرریاں کی گئی تھیں۔


ای پیپر