فائل فوٹو

مریم نواز کی گرفتاری پر بلاول بھٹو نے پارلیمنٹ سے واک آؤٹ کر دیا
08 اگست 2019 (14:03) 2019-08-08

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز کی گرفتاری پر پارلیمنٹ سے واک آؤٹ کر دیا۔

مریم نواز کی گرفتاری پر بلاول بھٹو کی حکومت پر کڑی تنقید، کہتے ہیں یہ مودی پر تنقید اور مذمت کا وقت ہے لیکن اپوزیشن سے انتقام لیا جارہا ہے۔ افسوس سے کہنا پڑتا ہے اس ماحول میں سلیکٹڈ وزیر اعظم اپنے غرور پر قابو نہیں کر پا رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضیاء آمریت کے دور میں خواتین پر مقدمے ہوتے تھے، اب نیا پاکستان میں بھی عورتوں پر مقدمے ہو رہے ہیں جو قابل افسوس ہے۔

واضح رہے کہ نیب نے مریم نواز کو حراست میں لے لیا، مریم نواز کی گرفتاری چودھری شوگر ملز کیس میں عمل میں لائی گئی۔

ذرائع کے مطابق نیب نے مریم نواز کو آج طلب کر رکھا تھا، لیکن انہوں نے پیش ہونے سے معذرت کی اور کوٹ لکھپت جیل اپنے والد کو ملنے چلی گئی۔ نیب ٹیم نے کوٹ لکھپت جیل کے باہر سے مریم نواز کو وارنٹ گرفتاری دیکھا کر حراست میں لیا۔ نیب نے مریم نواز کے ساتھ ان کے کزن یوسف عباس کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 31 جولائی کو چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز نیب ٹیم کے سامنے پیش ہوئی تھیں۔ نیب کی مشترکہ ٹیم نے 45 منٹ تک مریم نواز سے تحقیقات کی تھیں اور سوالنامہ بھی دیا تھا، لیکن آج مریم نواز پیش نہ ہوئیں تو وارنٹ جاری کرکے انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

مریم نواز کے لندن میں مقیم بھائی حسن اور حسین نواز کو دوبارہ طلبی کیلئے نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔

اس وقت کوٹ لکھپت جیل کے باہر مسلم لیگ ن کے رہنما اور کارکنان مریم نواز کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا کہ مریم نواز کو نیب لاہور نے کوٹ لکھپت جیل سے گرفتار کیا۔ مریم نواز اپنے والد سے ملاقات کیلئے کوٹ لکھپت جیل گئی تھیں۔


ای پیپر