Source : Yahoo

عمران خان پنجاب ہاﺅس میں وزیر اعلیٰ کی اینکسی میں رہیں گے،نعیم الحق
08 اگست 2018 (18:44) 2018-08-08

اسلام آباد :تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ عمران خان وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پنجاب ہاﺅس میں وزیراعلیٰ کی ”اینکسی“ میں رہیں گے ، ویک اینڈ پر اپنی رہائش گاہ بنی گالہ چلے جایا کریں گے، ہمارے پانچ لوگ گنتی کے لیے تیار تھے، باقی چار حلقوں کا معاملہ بھی کل تک حل ہو جائے گا۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پنجاب ہاﺅس کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔نعیم الحق نے پنجاب ہاﺅس میں سکیورٹی، رہائشی انتظامات سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا ۔نعیم الحق کا کہنا تھا کہ عمران خان نے وزیراعظم کے عہدے کا حلف لینے کے بعد وزیراعظم ہاﺅس میں نہ رہنے کا اعلان کر رکھا ہے لہذا وہ اب پنجاب ہاﺅس میں وزیراعلی کی اینکسی میں رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے کہنے پر میں نے پنجاب ہاﺅس کا دورہ کیا اور یہاں کا جائزہ لیا۔

نعیم الحق نے مزید بتایا کہ عمران خان ویک اینڈ پر اپنی رہائش گاہ بنی گالہ چلے جایا کریں گے۔ نعیم الحق نے مزید کہا کہ ہمارے پانچ لوگ گنتی کے لیے تیار تھے، باقی چار حلقوں کا معاملہ بھی کل تک حل ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والے چاہیں تو ہماری حکومت تعاون کرنے کو تیار ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کے لیے نام کے اعلان سے متعلق سوال کے جواب میں نعیم الحق نے کہا کہ آج پنجاب کے وزیراعلی کے لیے نام کا اعلان نہیں ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی کے سوال کہ کیا عمران خان نے حلف برداری کیلئے شیروانی سلوا لی ہے کے جواب میں نعیم الحق نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ابھی خان صاحب سے نہیں پوچھا،ویسے عمران خان کے پاس پہلے بھی ایک شیروانی ہے ۔


ای پیپر