فوٹوبشکریہ فیس بک

الیکشن کمیشن نے آزاد امیدواروں کو سیاسی جماعت میں شمولیت کیلئے ڈیڈ لائن دیدی 
08 اگست 2018 (15:38) 2018-08-08

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے  آزاد   امیدواروں  کو  سیاسی   جماعت  میں شمولیت کیلئے کل تک کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ الیکشن کمیشن نے آزادامیدواروں کے بیان حلفی کا نمونہ جاری کر دیا ہے۔ بیان حلفی اوتھ کمشنر کی مہر کے ساتھ الیکشن کمیشن کو فراہم کیا جائے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ  آزاد  امیدوار بغیر کسی دباؤ یا شرط کے  سیاسی   جماعت  میں شمولیت کا بیان حلفی دے۔  سیاسی   جماعت  کا سربراہ بھی آزاد  امیدوار کی پارٹی شمولیت سے متعلق رضامندی کا سرٹیفکیٹ دے۔ بیان حلفی اور پارٹی سرٹیفکیٹ متعلقہ صوبائی الیکشن کمشنر یا ڈپٹی ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرائے جا سکتے ہیں۔

خیال رہےکہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں جیتنے والے قومی وصوبائی اسمبلیوں کے 815  امیدواروں  کے نوٹیفکیشن جاری کئے تھے جبکہ تحریک انصاف کے نامزد وزیر اعظم عمران خان کے دو حلقوں سمیت قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 26 نتائج روک لیے گئے۔

تحریک انصاف نے نتائج روکنے پر چیف جسٹس سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انتقال اقتدار کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پیدا کی جا رہی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے مجموعی طور پر 841 حلقوں پر انتخابات ہوئے جن میں سے 815 کا نوٹیفکیشن جاری کیا جا چکا ہے۔ عدالتوں اور الیکشن کمیشن میں زیر سماعت مقدمات کے باعث کچھ حلقوں میں نوٹی فکیشن روکے گئے ہیں جبکہ کچھ فیصلے سے مشروط کر دیئے گئے ہیں۔


ای پیپر