Afghan Pakistan Relation, Afghan Peace Process
08 اپریل 2021 (16:36) 2021-04-08

کابل :پاکستان کے پارلیمانی وفد کا سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں ہونے والادورہ افغانستان ہنگامی بینادوں پر دوران پرواز ہی ملتوی کر دیا گیا ،پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق کے مطابق پاکستان وفد سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی قیادت میں کا بل کے دورے پر جا رہے تھے ،طیارہ کابل ائیر پورٹ پر اترنے ہی والا تھا کہ سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے ہوائی اڈہ بند ہونے کی اطلاع موصول ہوئی جس کی وجہ سے جہاز کو واپس موڑ لیا گیا ۔

پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق  کا کہنا تھا دورے کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا ،کابل حکام نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے حامد کرزئی  ائیر پورٹ پر اترنے والی تمام پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا تھا ،دوسری جانب افغان پارلیمان کے سیکرٹریٹ کے سربراہ نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا تین روزہ دورہ افغانستان سکیورٹی وجوہات کی بنا پر منسوخ کیا گیا ہے ۔

پاکستان وفد میں سپیکر قومی اسمبلی سمیت نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق خان اور رکن پارلیمان رانا تنویر، محسن داوڑ ، شاندانہ گلزار بھی شامل تھے ،پاکستانی وفد کی آمد سے قبل  کابل کی سڑکوں پر پاکستان اور افغانستان کے اراکین پارلیمان کی تصویریں آویزاں کر دی گئیں تھیں، کابل کے اہم مقامات پر خیر مقدمی بینرز بھی آویزاں ہوچکے تھے ، گذشتہ روز قومی اسمبلی میں بھی اس دورے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد کیا گیا،جس میں دورہ افغانستان سے متعلق اہم امور پر گفتگو کی گئی تھی۔

واضح رہے  پارلیمانی وفد کے دورہ کا مقصد پاکستان، افغانستان میں اعتماد کا فقدان ختم کرنا اور افغانستان کے راستے وسط ایشیائی ممالک کیلئے برآمدات میں رکاوٹوں کا معاملہ اٹھایا جانا تھا ملاقاتوں میں افغانستان کے ساتھ پاکستانی برآمدات وتجارت بڑھانے پر بات ہونا تھی اور افغان سرمایہ کاروں کو رشکئی اکنامک زون میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی سے متعلق امورزیر بحث آنا تھے۔

ذرائع کے مطابق دورے میں افغانستان کو پاکستان میں ہیلتھ ٹورزم کے فروغ پر دعوت اور پاک افغان سرحد پربسنے والی آبادی کیلئے معاشی مواقع پیدا کرنے پربات چیت شیڈول تھی ،واضح رہے کہ کابل کی شاہراہوں کو پاکستان اور افغانستان کے پرچموں سے سجا یا گیا تھا جبکہ کابل کی سڑکوں پرپاکستان اور افغانستان کے اراکین پارلیمنٹ کی تصویریں بھی لگائی گئی تھیں اور کابل کے اہم مقامات پر خیرمقدمی بینرز بھی لگائے گئے تھے۔


ای پیپر