کورونا وائرس، ووہان میں 76 دن بعد لاک ڈان ختم کر دیا گیا
08 اپریل 2020 (14:06) 2020-04-08

بیجنگ: چینی شہر   ووہان  میں 76 دن بعد لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا ہے اور لوگوں کو دوسرے شہروں میں جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ تاہم صرف ان ہی شہریوں کو ووہان شہر سے نکلنے کی اجازت دی جائے گی جن کے اسمارٹ فون کی ہیلتھ مانیٹرنگ ایپ میں ’’سبز‘‘ کیو آر کوڈ موجود ہوگا۔

 واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا 2019 کے اختتامی دنوں میں چینی صوبہ حوبے کے شہر ووہان سے شروع ہوئی جو آج ایک عالمی وبا میں تبدیل ہو چکی ہے اور جس سے دنیا بھر میں متاثر ہونے والوں کی تعداد پندرہ لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔

چین نے فوری حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے 23 جنوری سے ووہان میں مکمل لاک ڈاؤن کر دیا جس کے تحت نہ تو وہاں کے رہنے والوں کو شہر چھوڑنے کی اجازت تھی اور نہ ہی کسی دوسرے شہر کا باشندہ وہاں داخل ہو سکتا تھا۔ البتہ صرف طبّی عملے اور سرکاری ذمہ داران کو وہاں فرائض کی انجام دہی کے لیے آنے کی اجازت دی گئی تھی۔

ووہان میں گزشتہ روز کورونا وائرس سے کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی جبکہ لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد ریلوے اسٹیشن، بس اڈوں اور ہوائی اڈوں پر دوسرے شہروں کو جانے والے لوگوں کا ہجوم دیکھنے میں آیا۔


ای پیپر