file photo

پنجاب حکومت نے 15 ستمبر سے شادی ہالز کھولنے کی منظوری دیدی
07 ستمبر 2020 (16:13) 2020-09-07

لاہور : پنجاب حکومت نے 15 ستمبر سے شادی ہالز کھولنے کی منظوری دے دی۔ شادی ہالز کھولنے سے متعلق باقاعدہ اعلان 10 ستمبر کو کیا جائے گا۔ شادی ہالز مالکان سے ایس او پیز پر عمل درآمد کا بیان حلفی لیا جائے گا۔

قبل ازیں صوبائی وزیر صنعت پنجاب میاں اسلم اقبال نے بتایا تھا کہ ستمبر کے دوسرے ہفتے میں صوبے کے شادی ہال کھول دیے جائیں گے جیسا کہ ایس او پیز کے ساتھ تمام کاروباری سرگرمیاں بحال ہوچکی ہیں تو شادی ہالز کو کھولنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، حکومت کو 6 ماہ بند رہنے کی وجہ سے شادی ہالز سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات کا بخوبی احساس ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے باعث شادی ہالز گزشتہ کئی ماہ سے بند ہیں تاہم اب پنجاب حکومت نے شادی ہالز کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت شادی ہالز کھلنے تک سیلزٹیکس سے مستثنیٰ ہوں گے، شادی ہالز کو پراپرٹی ٹیکس سے بھی استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔ محکمہ خزانہ نے استثنی کی سمری کابینہ کو ارسال کر دی ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل کورونا کیسز میں مسلسل کمی کے بعد حکومت پاکستان نے شادی ہالز اور پارکس کھولنے پر بھی غور شروع کر دیا تھا۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایس او پیز کے متعلق صوبائی حکومتوں کی تجاویز جمع کرلی ہیں جن کا جائزہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں لیا جائے گا، این سی او سی کے اجلاس میں سیاحت، شادی ہال اور پارکس وغیر کھولنے پر غور کیا جائے گا۔

عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کے باعث جن کاروبار کو بند کیا گیا ان میں شادی ہال بھی شامل تھے، مالکان کی طرف سے مسلسل یہ مؤقف سامنے آرہا ہے کہ وہ ایس او پیز کے ساتھ اپنا کاروبار کھولنا چاہتے ہیں جس کیلئے حکومت اور انتظامیہ ان سے بات چیت کرے اس سلسلے میں شادی ہال مالکان نے حکومت کو فارمولا بھی پیش کیا تھا جس میں عملی مظاہرہ کر کے دکھایا گیا کہ کس طرح ایس او پیز کے تحت کاروبار چلایا جا سکتا ہے، تاہم اس ضمن میں کوئی خاص پیشرفت نہیں ہوسکی تھی لیکن صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کا حالیہ بیان شادی ہال مالکان کیلئے حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔


ای پیپر