مجھ پر لگایا الزام بھی جعلی ہے : رانا ثنا اللہ
07 ستمبر 2019 (12:15) 2019-09-07

لاہور:منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار پاکستان مسلم لیگ (ن)پنجاب کے صدررانا ثنا اللہ نے ایک بار پھر حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ظلم کی رات جلد ختم ہونیوالی ہے اور مجھ پر لگایا گیا الزام بھی جعلی ہے،کفر کی حکومت چل سکتی ہے لیکن ظلم کی حکومت نہیں چل سکتی۔

ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ(ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے آج صبح جوڈیشل کمپلیکس میں عدالت کے روبرو پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ پولیس نے جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کر دیاتھا جب کہ پولیس کی بھاری نفری احاطہ عدالت کے اندار اور باہر تعینات کر دی گئی تھی۔ انسداد منشیات عدالت میں جج کی عدم موجودگی کے باعث رانا ثنا اللہ کے کیس پرسماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی۔عدالت کے ریڈر نے رانا ثناء اللہ کے کیس پر14 ستمبرکی تاریخ دے دی جب کہ رانا ثنااللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 ستمبرتک توسیع کر دی گئی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ظلم کی رات بہت جلد ختم ہونے والی ہے، مجھ پر لگایا گیا الزام جعلی اور یہ فراڈ کیس ہے، سیاسی مخالفین کو جیلوں میں بند کرنا اور جیلوں میں ایذا پہنچانا، اس کے علاوہ حکومت کو کوئی کام نہیں ہے۔انہوں نے سیاسی انتقام کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا، کفر کی حکومت چل سکتی ہے لیکن ظلم کی حکومت نہیں چل سکتی، ظلم کی حکومت زیادہ دیر نہیں رہ سکتی، حکمران ظالم ٹولہ ہے۔


ای پیپر