شمالی کوریا کےایٹمی ہتھیار خطرناک ہیں: امریکی ماہرین
07 ستمبر 2019 (10:20) 2019-09-07

واشنگٹن : امریکی محققین کے ایک گروپ نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کو شمالی کوریا کی جوہری تنصیبات کے جزوی خاتمے کے لیے فوری کوششیں کرنی چاہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاس الاموس نیشنل لیبارٹری کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے مضمون میں ماہرین کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا ممکنہ طور پر گزشتہ 18 ماہ کے دوران تقریباً 10 بم بنانے کے برابر جوہری مواد کا اضافہ کر چکا ہے۔جوہری کمپلکس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شمالی کوریائی رہنما کِم جونگ اْن نے فروری میں ہنوئی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات میں، پابندیاں اٹھانے کے عوض ختم کرنے کی پیشکش کی تھی۔امریکہ نے، شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے مکمل، قابل تصدیق اور ناقابل واپسی انداز میں خاتمے کی پالیسی پر کاربند رہتے ہوئے مذکورہ تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔

مصنفین نے مضمون میں خبردار کیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے انتظار کی مدت طویل ہونے کی صورت میں جوہری خطرہ اتنا ہی بڑھتا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا ہے کہ امریکی خدشات دور کرنے کے لیے شمالی کوریا کو آسان مگر ٹھوس اقدامات اٹھانے دئیے جائیں، جن کے عوض امریکہ بھی اسی قسم کے اقدامات کرے۔


ای پیپر