عاطف میاں کو اقتصادی مشاورتی کونسل سے ہٹانا مایوس کن ہے، جمائما

07 ستمبر 2018 (21:28)

لندن:وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے تحریک انصاف کی حکومت پرکڑی تنقید کرتے ہوئے عاطف میاں کو اقتصادی مشاورتی کونسل سے نکالنے کے فیصلے کو انتہائی مایوس کن قرار دیا ہے۔ جمعہ کو سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پرعاطف میاں کو اقتصادی مشاورتی کونسل کی رکنیت سے ہٹانے کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں جمائما گولڈ اسمتھ نے کہا کہ ایک نامور ماہر اقتصادیات کو عہدے سے ہٹانا انتہائی مایوس کن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نئی حکومت نے معروف ماہر اقتصادیات کا نام اقتصادی مشاورتی کونسل سے واپس لینے کا فیصلہ ان کے احمدی ہونے کی وجہ سے کیا حالانکہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے ایک احمدی کو وزیرخارجہ مقرر کیا تھا۔واضح رہے کی مذہبی جماعتوں اور دیگر حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کے بعد حکومت نے عاطف میاں کو اکنامک ایڈوائزری کونسل کی رکنیت سے ہٹانے کا اعلان کیا ہے۔پی ٹی آئی سینیٹر فیصل جاوید نے ٹوئٹ میں کہا کہ عاطف میاں سے اکنامک ایڈوائزری کونسل کی ممبرشپ واپس لے لی گئی ہے۔

مزیدخبریں