ممتاز گلوکار فخر عالم بھی سکیورٹی اہلکاروں کے ہتھے چڑھ گئے
07 ستمبر 2018 (14:06) 2018-09-07


کراچی :کراچی میں سکیورٹی زون کے اہلکاروں کی موبائل وین نے معروف گلوکار فخرعالم کی گاڑی کو ٹکر مار دی۔


تفصیلات کے مطابق گلوکار فخر عالم نے کہا کہ کراچی میں سکیورٹی زون کے اہلکاروں کے موبائل وین نے معروف گلوکار فخرعالم کی گاڑی کو ٹکر مار دی ، حادثے کے بعد کلاشنکوف بردار اہلکار مجھے ہراساں کرتے رہے۔تمام اہلکار شلوار قمیض میں ملبوس اور کلاشنکوفوں سے لیس تھے۔ انہوں نے کہا کہ کلفٹن سے اپنے دوستوں کے ساتھ جا رہا تھا،سڑک پر رش ہونے کی وجہ سے گاڑیاں آہستہ چل رہی تھی کہ اچانک میری گاڑی کو پیچھے سے پولیس موبائل نے زور سے ٹکرماری۔فخرعالم نے کہا کہ ایک اہلکار اتر کر آیا اور مجھ سے گاڑی آگے کرنے کیلئے دبائو ڈالنے لگا جب زیادہ شور شرابہ کیا تو میں کار سے اترکر باہر آگیا اور ویڈیو بنانی شروع کی۔


گلوکار نے کہا کہ پولیس اہلکار مجھے دیکھتے ہی پہچان گئے اور ان کا لہجہ اور باڈی لینگوئج تبدیل ہوگئی۔بعد ازاں جس شخص کے پروٹوکول پر وہ اہلکار تعینات تھے وہ موقع سے فرارہوگیا۔ فخر عالم نے سوال کیا کہ کیا ایک عام شہری کی یہ عزت ہے کہ اس کی سڑک پر تذلیل کی جائے؟ اگر اہلکار اتر کر تمیز سے بات کرتے اور معذرت کرلیتے تو میں اسی وقت جانے دیتا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عام شہری کو اس کے حقوق ملنے چاہئیں۔


ای پیپر