photo by Bloomberg

عمران خان نے نواز شریف کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرایا: محمد زبیر
07 اکتوبر 2020 (14:48) 2020-10-07

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے کہا کہ عمران خان نے نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرایا، اب کوئی بھی اس مقدمے کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔

تفصیلات کے مطابق لیگی رہنما محمد زبیر، عطا تارڑ اور دیگر پارٹی رہنما نے تھانہ شاہدرہ کا دورہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نواز شریف نے کہا کہ ہم نے مقدمے کی تفصیلات لینے اور گرفتاری کیلئے خود کو پیش کیا، حکومت 40 ہزار پرچے کرائیں ہم پھر بھی آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے ملکی مسائل پر تقریر کی ہم پر اداروں کے خلاف بات کرنے کا الزام لگایا جاتا ہے۔ شیخ رشید بھی یہی باتیں کرتے رہتے ہیں۔ پی ڈی ایم کے فورم سے مریم نواز نے جو اعلان کیا ہے وہ جاری رہے گا۔

ترجمان نواز شریف نے کہا کہ سنا ہے وزیراعظم سالگرہ کا کیک کاٹ رہے تھے جب ان کو مقدمے کا پتا چلا، محمد زبیر نے کہا کہ خان صاحب آپ کیک کاٹتے رہ جائیں گے ہم لاکھوں کی تعداد میں باہر نکلیں گے۔

دوسری جانب عطا تارڑ نے کہا کہ ہم نامزد ہیں کم از کم ہمیں گرفتار ہی کر لیتے ، مدعی 2 روز سے گھر سے غائب ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی کی اور معیشت تباہ کر دی۔


ای پیپر