کمزور طبقے کی مدد سے ریاست میں برکت آئیگی: عمران خان
07 اکتوبر 2019 (14:46) 2019-10-07

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لوگوں میں صبر نہیں ہوتا ،13 ماہ ہوئے ہیں اور لوگ کہتے ہیں کہاں ہے نیا پاکستان؟،آپ دیکھیں گے تبدیلی کیسے آئے گی، ہم کاروباری طبقے کی پوری مدد کررہے ہیں، کبھی کسی حکومت نے انڈسٹری کی ایسی مدد نہیں کی جو ہم کررہے ہیں، جب ہم اپنے کمزور طبقے کی مدد کریں گے تو ریاست میں برکت آئیگی،جب تک ہمارے ملک میں روزگار کے حالات بہتر نہیں ہوتے ہم کوشش کریں گے کہ کوئی شخص بھوکا نہیں رہے۔

وزیراعظم عمران خان نے احساس سیلانی لنگر اسکیم کا افتتاح کردیا، اس موقع پر وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا کہ احساس سیلانی لنگر اسکیم کے تحت روزانہ 600 ضرورت مند افراد کو مفت کھانا تقسیم کیاجائیگا اور اس اسکیم کو دیگر شہروں میں بھی شروع کیا جائے گا، ملک بھر میں 112 لنگر خانے کھولے جائیں گے۔افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہسپتال بناتے وقت خوش قسمت افراد سے رابطہ رہا، احساس پروگرام غربت کم کرنے کا سب سے بڑا پروگرام ہے ، اس پروگرام سے لنگر خانے کے لیے فنڈ دیں گے، ہمیں کمزور طبقے کی ذمہ داری لینی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم سارا ٹیکس غریب پر مہنگائی کرکے اکٹھا کرتے ہیں، اس سے فاصلے بڑھ رہے ہیں، اس سے نظام میں برکت نہیں آتی، ہم اس کو الٹا کررہے ہیں، ہم کاروباری طبقے کی مدد اس لیے کریں گے کہ وہ پیسہ بنائیں، اس سے ہمارا ٹیکس اکٹھا ہو اور وہ ہم کمزور طبقے پر خرچ کریں، جیسا چین نے کیا۔انہوںنے کہاکہ ہم کاروباری طبقے کی پوری مدد کررہے ہیں، کبھی کسی حکومت نے انڈسٹری کی ایسی مدد نہیں کی جو ہم کررہے ہیں، نیا پاکستان ایک فلاحی ریاست ہوگا جو اب تک نہیں ہوا، لوگوں میں صبر نہیں ہوتا، 13 ماہ ہوئے ہیں اور لوگ کہتے ہیں کہاں ہے نیا پاکستان، ہمارے لیے مدینہ کی ریاست آئیڈیل ہے تاہم وہ پہلے دن نہیں بن گئی تھی، وہ ایک جدوجہد تھی، یہ ملک بھی بدلے گا، آپ دیکھیں گے تبدیلی کیسے آئے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب ہم اپنے کمزور طبقے کی مدد کریں گے تو ریاست میں برکت آئے گی، ہسپتالوں میں تبدیلی آرہی ہے، پولیس کا نظام تبدیل کررہے ہیں ہر اس جگہ کام کررہے ہیں جہاں عام آدمی کی زندگی بہتر ہو، جب لوگ بھوکے سوئیں تو ریاست میں بے برکتی آتی ہے۔ ہم نے غربت مٹاؤ احساس پروگرام کے تحت کے پہلے فیز میں 112 لنگر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کوئی بھی بھوکا نہ رہے اور اس لنگر کو ہر علاقے تک توسیع دی جائیگی۔


ای پیپر