فوٹوبشکریہ فیس بک

بھارت کی ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں تاریخی فتح
07 اکتوبر 2018 (10:19) 2018-10-07

راج کوٹ: بھارت نے ٹیسٹ میچز میں سب سے بڑی فتح اپنے نام کرتے ہوئے پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو ایک اننگز اور 272 رنز سے شکست دیدی۔

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بھارت کے شہر اندور میں کھیلا گیا۔ ٹاس جیت کر بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا جبکہ اس میچ میں نوجوان بلے باز پرتھوی شا کو ڈیبیو کرایا گیا۔

بھارت نے اپنی اننگز کے آغاز سے ہی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ بھارتی کھلاڑی شا نے ناصرف اپنے کریئر کی پہلی ہی اننگز میں شاندار سنچری کی بلکہ بھارت کے کم عمر ترین سنچری بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارتی کھلاڑی سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا۔ اننگز میں شا نے ہی نہیں بلکہ کوہلی اور رویندرا جدیجہ نے بھی سنچری اسکور کی اور اس طرح تین بڑی اننگز کھیل کر میزبان ٹیم 649 رنز کا بڑا اسکور بنانے میں کامیاب ہوئی لیکن جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی پہلی اننگ میں 181 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔

ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی روسٹن چیز 53 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ بھارت کی جانب سے روی ایشون نے چار بلے باز آوٹ کیے۔

بھارت نے فولو آن امپوز کیا تو بھی کیمو پال(83) کے علاوہ کوئی ویسٹ انڈین کھلاڑی بھارتی اسپنرز کا سامنا نہ کرسکا اور پوری ٹیم 196 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی بھارت کی جانب سے کلدیپ یادو نے تیسری اننگ میں 5 اور روی جدیجہ نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔


ای پیپر