گورنر سندھ ذاتی گھر سے گورنر ہائوس منتقل
07 نومبر 2019 (17:51) 2019-11-07

کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل بالآخر 14 ماہ بعد ڈیفنس میں واقع اپنے ذاتی گھر سے اہل خانہ کے ہمراہ گورنر ہائوس منتقل ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق عمران اسماعیل گورنر ہائوس کے فیملی ونگ کے بجائے اپنے اسٹاف افسر کے سرکاری مکان میں رہائش اختیار کیے ہوئے ہیں۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل 15 دن قبل ڈیفنس میں واقع اپنے گھر سے باقاعدہ طور پر گورنر ہائوس میں منتقل ہوئے ہیں۔عمران اسماعیل نے اعلان کیا تھا کہ وہ منصب سنبھالنے کے بعد گورنر ہائوس میں رہائش اختیار نہیں کریں گے۔

 بلکہ اپنے ذاتی گھر میں ہی رہ کر حکومت کی کفایت شعاری مہم کو پروان چڑھائیں گے۔ گورنر بننے کے بعد وہ 14 ماہ تک ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی میں اپنے گھر میں مقیم رہے اور روزانہ آفیشل مصروفیات کے لیے گورنر ہائوس آتے تھے۔عمران اسماعیل گورنر ہائوس میں اپنی منتقلی کو میڈیا سے چھپانا چاہتے تھے اور اس سلسلے میں متعلقہ افراد کو خصوصی ہدایات بھی دی گئی تھیں۔


ای پیپر