فوٹوبشکریہ فیس بک

وزراء کو شرم کرنی چاہئے، اگر نہیں کی تو پھر ہم بھی نہیں کریں گے: رانا ثناء اللہ
07 نومبر 2018 (15:41) 2018-11-07

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزراء ملکی مسائل پر بات کرنے کی بجائے ایوان میں شور شرابہ کرتے ہیں، وزرا ابہام پیدا کرنے کیلئے ڈاکو کا شور کر رہے ہیں۔ ان کو شرم کرنی چاہئے، اگر نہیں کی تو پھر ہم بھی نہیں کریں گے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومتی بینچز پر وزرا کو جعلی مینڈیٹ کے ذریعے بٹھایا گیا ہے۔ وزرا شور کریں گے تو ہم ثبوت مواد کے ساتھ پیش کریں گے۔ کئی بار اراکین سے کہا اپنی 100 روزہ پالیسی کا تعین کریں۔

عمران خان کی طرف سے کہا گیا کہ ایک شخص نے شہباز شریف کی طرف سے آفر دی۔ شہباز شریف کی طرف سے ہتک عزت کا نوٹس بھیجا گیا لیکن جواب نہیں آیا، یہ الزام تو لگاتے ہیں مگر عدالت میں پیش نہیں ہوتے۔ بار بار عدالت کے بلانے پر بھی عمران خان پیش نہیں ہوئے۔ ملتان میٹرو میں نوٹس دیا لیکن عمران خان نے اس کا بھی جواب نہیں دیا۔

رکن قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ پرویزالٰہی کو عمران خان پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہا کرتے تھے۔ سب سے بڑے ڈاکو کہلانے والے کو سپیکر پنجاب اسمبلی بنا دیا گیا۔ نواز شریف نے جو تنخواہ نہیں لی اس پر انہیں سزا دی گئی۔ بابر اعوان، پرویز الٰہی، علیم خان پر نیب کے مقدمات ہیں انہیں گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟ وزیراعظم کی تقریر سننے کے بعد کون بیوقوف پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گا۔


ای پیپر