پرتشدد مظاہروں کی رپورٹ محکمہ داخلہ پہنچ گئی
07 نومبر 2018 (13:06) 2018-11-07

پشاور:خیبرپختونخوا پولیس نے حالیہ پرتشدد مظاہروں کی رپورٹ محکمہ داخلہ کو ارسال کردی۔پولیس کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس نے حالیہ پرتشدد مظاہروں کی رپورٹ محکمہ داخلہ کو ارسال کردی ، نوشہرہ اور ہنگو میں پرتشدد واقعات پیش آئے جب کہ ہنگامہ آرائی اور جلا ؤ گھیراؤ کرنے والے ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق ہنگو میں 25 پرتشدد مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جس میں سے تاحال 8 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔پولیس نے کہا کہ مشتعل مظاہرین نے رشکئی انٹرچینج ٹول پلازہ کو آگ لگائی جس کا مقدمہ رسالپور پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ۔پولیس کے مطابق رشکئی انٹر چینج واقع میں نامزد 17ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں اور مزید ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے 31اکتوبر کو توہین رسالت کے جرم میں سزائے موت پانے والی مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی سزا کالعدم قرار دے کر انہیں رہا کرنے کے احکامات کے بعد مذہبی جماعتوں نے ملک بھر میں احتجاج کیا۔مظاہرین نے مختلف شہروں میں ہنگامہ آرائی اور جلا ؤگھیرا ؤ کے علاوہ شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچایا اور بعدازاں حکومت اور مذہبی جماعت کے درمیان ایک معاہدے کے بعد احتجاج ختم کیا گیا۔


ای پیپر