سستے گھر بنانے کیلئے مختلف شہروں میں 133 مقامات کی نشاندہی کر لی ہے، عثمان بزدار
سورس:   فائل فوٹو
07 May 2021 (10:14) 2021-05-07

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سستی لاگت کے گھر بنانے کے لیے مختلف شہروں میں 133 مقامات کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔

رائیونڈ میں پرائم منسٹر افورڈیبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ رائیونڈ، چونیاں، منڈی بہاؤالدین، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، چنیوٹ، خانیوال، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں پرائم منسٹر افورڈ ایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کا افتتاح کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں سستی لاگت کے گھر بنانے کے لیے مختلف شہروں میں 133 مقامات کی نشاندہی کر لی گئی ہے، پہلے مرحلے میں 26 تحصیلوں میں 32 مقامات پر 10 ہزار 120گھر بنائے جائیں گے، گھروں کا رقبہ تین سے بڑھا کر ساڑھے تین مرلے کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انفرا اسٹرکچر کے لیے 3 ارب روپے کی منظوری دی جا چکی ہے، سبسڈی کے بعد 14 لاکھ روپے مالیت کا گھر صرف 11 لاکھ روپے میں ملے گا جبکہ بینک آف پنجاب 10 لاکھ روپے تک قرض فراہم کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے بینر تلے عوام کو سستی رہائشی سہولتیں دینے کا کام جہاد سمجھ کر کیا جا رہا ہے۔

 بشکریہ(نیو نیوز)


ای پیپر