Photo Credit Yahoo

پاکستان کا مشکل دورہ برطانیہ کا شاندار آغاز،شاداب خان کی تباہ کن باﺅلنگ
07 مئی 2018 (20:54) 2018-05-07

نارتھمپٹن:قومی کر کٹ ٹیم نے اپنے مشکل دورہ برطانیہ کا شاندار آغاز کرتے ہوئے شاداب خان کی تباہ کن باﺅلنگ کے بدولت اپنے دوسرے 4روزہ وارم اپ میچ میں نارتھمپٹن شائر کو 9وکٹوں سے شکست دیدی۔ پاکستان نے آخری روز133رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں امام الحق 59اور حارث سہیل 55رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ اظہر علی10رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ میچ میں مجموعی طور پر شاداب خان نے 10وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عباس اور راحت علی نے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں۔

پیر کونارتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے دن میزبان ٹیم نے 240رنز 5کھلاڑی آﺅٹ سے بیٹنگ کا آغاز کیا تو سنچری بنانے والے روب نیوٹن پاکستان کی راہ میں حائل تھے۔دن کی ابتدا میں پاکستانی بالرز کو وکٹ لینے میں مشکلات پیش آئیں لیکن محمد عباس اور شاداب خان نے عمدہ اسپیل کے ذریعے قومی ٹیم کی میچ میں واپسی یقینی بنائی۔محمد عباس نے نیوٹن کی مزاحمت کا خاتمہ کر کے پاکستان کو اہم کامیابی دلائی جنہوں نے 118رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔نیوٹن کے آٹ ہونے کے بعد پاکستان کو حریف ٹیم کی بساط لپیٹنے میں زیادہ مشکلات پیش نہیں آئیں اور نارتھیمپٹن کی ٹیم 301رنز بنا کر آٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں محمد عباس اور شاداب نے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں، شاداب خان نے میچ میں مجموعی طور پر 10وکٹیں حاصل کیں۔پہلی اننگز کی برتری کی بدولت پاکستان کو میچ میں فتح کے لیے صرف 133رنز کا ہدف ملا۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو ابتدا میں ہی اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں اظہر علی کو پویلین لوٹنا پڑا۔اس کے بعد امام الحق کا ساتھ دینے حارث سہیل آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے بغیر کسی نقصان کے ٹیم کو ہدف تک رسائی دلا کر فتح سے ہمکنار کرایا۔

دونوں کھلاڑیوں نے ناقابل شکست 120 رنز کی شراکت قائم کی ، امام نے 59 اور حارث نے 55 رنز بنائے۔ پاکستان دورے کا باقاعدہ آغاز 11مئی کو آئرلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ سے کرے گی جو آئرش ٹیم کا پہلا ٹیسٹ میچ ہو گا۔واضح رہے کہ میچ میں نارتھمپٹن شائر نے اپنی پہلی اننگز میں259اور دوسری اننگز میں301رنز بنائے تھے جبکہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں428رنز بنائے تھے۔


ای پیپر