پاکستان کا بھارت کو دندان شکن جواب
07 مارچ 2019 2019-03-07

پچھلے دنوں جو واقعات ہوئے ہیں انہوں نے قوم کو جگایا بھی ہے اور ہلایا بھی ہے ۔ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہئے کہ بھارت نے جو جارحانہ معاملہ اختیار کیا تھا اور اس کے نتیجے میں پاک بھارت تناؤ میں ہمیں سرخرو فرمایا ہے ۔یہ اللہ کا ہم پر خاص احسان ہوا ہے۔پاک فضائیہ کا بھارت کو دندان شکن جواب دینا بھی یقیناًقابل تحسین ہے۔حقیقت تو یہ ہے کہ پلوامہ واقعہ کے فوراً بعد بھارت کے انتہا پسند حکمراں اور میڈیا نے جنگی جنون پیدا کردیا تھا۔جبکہ پاکستان کے وزیر اعظم نے امن کی پیشکش کرتے ہوئے یہاں تک کہہ دیا تھا کہ پاکستانی سرزمین کے استعمال کا کوئی ٹھوس ثبوت فراہم کیا جائے تو ہم ایسے عناصر کے خلاف ضرور کاروائی کریں گے۔یقیناًجنگ کسی کے مفاد میں نہیں۔ہاں اگر ہم پر مسلط کردی جائے تو اور بات ہے۔دونوں ممالک ایٹمی قوت کے حامل ہیں اور جنگ کی صورت میں کیا کچھ اندیشے ہوسکتے ہیں اس کی تفصیل میں مجھے جانے کی ضرورت نہیں ہے۔اس وقت معاملہ کچھ ٹھنڈا پڑا ہے ، اسے ہمیں اللہ کی طرف سے خیر سمجھنا چاہئے۔لگتا تو یوں ہے کہ پاکستان کے امن کی خواہش کے باوجود بھار ت کی انتہا پسند جماعت بی جے پی نے الیکشن میں اپنی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے جنگی فضا کی صورتحال بنادی ہے۔بی جے پی اسلام اورپاکستان مخالف بیانئے کواپنے مذموم مقاصد کے لئے استعمال کرتی رہی ہے۔بدقسمتی سے اس وقت حکومت پر وہی جماعت فائز ہے۔بھارتی طیاروں نے جو لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنا پے لوڈ ہمارے علاقے میں گرایا ،تحقیقات سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ اس کاروائی کے پیچھے امریکہ اور اسرائیل کا ہاتھ تھا۔معروف صحافی رابرٹ فسک کا مضمون برطانوی اخبار انڈیپنڈنٹ میں شائع ہوا ہے جس میں انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی کاروائی میں استعمال ہونے والا پے لوڈ اسرائیل کا فراہم کردہ تھا ۔ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اسرائیل اپنے مستقبل کے عزائم سے دنیا کی نظر ہٹانے کے لئے پاک بھارت کشیدگی کو ہوا دینا چاہتا ہے۔اس کے مذموم عزائم کا پہلے بھی ذکر آیا ہے ۔اسے مسجد اقصیٰ کو شہید کرنا ہے ۔اس نے دنیا کی حمایت کو سمیٹ رکھی ہے ۔امریکہ تو اس کی سرپرستی کر ہی رہا ہے ، یورپ بھی اس کا حمایتی ہے۔ڈاکٹر اسرار احمد ؒ نے 1991ء میں اس حوالے سے رہنمائی دی تھی کہ اب جس طرف معاملہ چل پڑا ہے یہ قرب قیامت کے احوال میں سے ہے اور اس میں ایک اہم ایونٹ یہ ہوگا جب معاملات بہت زیادہ بگڑیں گے تو بیت المقدس پر تو اس نے قبضہ کیا ہوا ہی ہے ،اسرائیل مسجد اقصیٰ کو گرانے کے لئے پر تول رہا ہے اور اس کے نتیجے میں بات تیسری عالمگیر جنگ کو طرف جائے گی۔یہ سارے معاملات ہوتے نظر آرہے ہیں ۔اسرائیل اپنے مذموم عزائم کو آگے سے آگے بڑھانے کے لئے بھارت کا حمایتی بن چکا ہے۔ پاکستان کے سیکورٹی اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ضرورت ہے تاکہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات نہ کرسکے ۔ ۔ بھارت ہمارے خلاف ہر حربہ استعمال کرنے پر تلا ہوا ہے جس میں ایک پاکستان کے خلاف آبی جارحیت ہے۔ بھارت سندھ طاس معاہدے کے باوجود پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکی بھی دے چکا ہے جو پاکستان کے لئے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔بدقسمتی سے ہمارے سابق سیاسی اور عسکری حکمرانوں نے پانی کے بحران کے تدارک کے لئے ڈیم نہ بناکر ملک اور قوم سے غداری کے مرتکب ہوچکے ہیں ۔ بھارت کا موجودہ وزیر اعظم مودی کم ظرف ہی نہیں تنگ نظر بھی ہے جس کی وجہ سے بھارت میں اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں سے برا سلوک ہورہا ہے۔پلوامہ واقعے کے بعد ہندوستان بھر میں کشمیریوں کے گھر جلائے جارہے ہیں ۔کشمیری طلباء و طالبات بھی تعلیمی اداروں میں محفوظ نہیں ۔ بھارت پاکستان کو جنگ کی گیدڑ بھبھکی تو دیتا رہتا ہے ۔افواج پاکستان کو چوکنا رہنا ہوگا ۔یہ سمجھنا غلط ہے کہ ایٹمی قوت ہونے کی وجہ سے پاکستان ناقابل تسخیر ہے۔سوویت یونین جب شکست و ریخت سے دو چار ہوا تھا تو وہ دنیا کی دوسری ایٹمی قوت تھی۔ اگرچہ ہمیں اپنی سکیورٹی کے پورے انتظامات کرنا چاہئے لیکن یاد رہے جب تک ہمیں اللہ کی مدد حاصل نہ ہوگی ، ہم اسلام اور پاکستان دشمن قوتوں کا مقابلہ نہیں کرسکیں گے۔اللہ اور اس کے دین کے ساتھ ہمیں مخلصانہ وفاداری کا معاملہ کرنا چاہئے تاکہ دشمن کے مقابلے میں اس کی تائید ونصرت حاصل ہوسکے۔ اس حوالے سے ہمارا فوری ٹارگٹ یہ ہونا چاہئے کہ اس ملک میں جہاں 96فیصد مسلمان بستے ہیں ، اللہ کے دین کو قائم اور رسولؐ اللہ کی لائی ہوئی شریعت کو نافذ کریں۔اگر ایسا نہ ہوا تو ہمارا ملک مسائلستان ہی بنا رہے گا۔آدھا پاکستان تو ہمارے ہاتھ سے نکل ہی چکا ہے اور ہمیں بھارت کے مقابلے میں اہانت آمیز شکست کا سامنا ہوچکا ہے ۔خاکم بدہن ، یہ معاملہ دوبارہ بھی ہوسکتا ہے۔ بھارت کا عزم تو یہی ہے کہ اکھنڈ بھارت دوبارہ قائم کرے۔اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے دین پر انفرادی اور اجتماعی سطح پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین یا رب العالمین۔


ای پیپر