پاکستانی فنکاروں کو انتقام کا نشانہ بنانا غلط ہے: بھارتی موسیقار
07 مارچ 2018 (20:52) 2018-03-07


ممبئی : بھارتی موسیقار ویپن پاٹوا نے بالی وڈ میں پاکستانی فنکاروں کے کام کرنے پر پابندی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے گلوکار عاطف اسلم کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔


فلم کے موسیقار ویپن پاٹوا نے ایک بیان میں کہا کہ فن اور موسیقی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور نہ ہی پاکستانی گلوکاروں پر پابندی مسائل کا حل ہے ۔فلم داس دیو کا گیت ارجیت سنگھ کے انکار کے بعد عاطف اسلم کے ساتھ ریکارڈ کیا گیا۔سرحد پر بھارتی فوجیوں کے مرنے کو بنیاد بنا کر پاکستانی فنکاروں پر پابندی لگانا ٹھیک نہیں ہے ، آخر کب تک فنکاروں کے ساتھ ایسا ہوتا رہے گا؟۔


بھارتی موسیقار نے کہا کہ عاطف اسلم بہت اچھے اور پرامن انسان ہیں۔ میں کئی بار ان سے مل چکا ہوں، وہ بھی امن کی بات کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود ہر مرتبہ فلم انڈسٹری کو نشانہ بنایا جاتا ہے ۔یاد رہے کہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے بھارتی فلموں میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے بعد بالی وڈ فلم کے لیے گائے ہوئے گیت کی تشہیر سے مبینہ طور پر انکار کردیا تھا جس کے بعد بھارتی فلمساز بھی پریشان ہیں۔عاطف اسلم نے فلم داس دیو کے لیے گیت سہمی ہے دھڑکن گایا ہے اور فلم کی ٹیم نے پاکستانی گلوکار کے بغیر ہی گیت اور فلم کی تشہیر شروع کردی ہے ۔


ای پیپر