مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رضا حیات پی ٹی آئی میں شامل
07 مارچ 2018 (19:27)

اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رضا حیات ہراج نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سوشل میڈیا پر بتایا گیا کہ ( ن ) لیگ کے ایم این اے رضا حیات ہراج نے جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر عمران خان سے ملاقات کی جس کے بعد انہوں نے ( ن ) لیگ چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کی ایک اور وکٹ گرا دی ۔ مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رضا حیات ہراج نے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران خان اور جہانگیر ترین سے ملاقات کی۔ رضا حیات ہراج نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ رضا حیات ہراج این اے 156 خانیوال سے رکن قومی اسمبلی ہیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل اس قسم کی خبریں میڈیا کی زینت بنی تھیں کہ مسلم لیگ ( ن ) کے رکن قومی اسمبلی رضا حیات ہراج اور قاسم نون نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔تاہم رضا حیات ہراج اور قاسم نون نے تحریک انصاف میں شمولیت کے حوالے سے خبروں کی تردید کی تھی۔خیال رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں رضا حیات ہراج نے اپنے آبائی علاقے کبیر والا سے آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لیا اور کامیاب قرار پائے ، بعدازاں انہوں نے مسلم لیگ ( ن ) میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔


ای پیپر