سینٹ چیئرمین کیلئے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی رضاربانی کے نام پر متفق
07 مارچ 2018 (17:37)

اسلام آباد: مسلم لیگ ( ن ) نے چیئرمین سینیٹ کے لیے پیپلزپارٹی کی جانب سے رضا ربانی کی نامزدگی کی صورت میں ان کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔سینیٹ انتخابات کے بعد مسلم لیگ ( ن ) اور پیپلزپارٹی ایوان بالا میں اپنا چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین لانے کے لیے سرگرم ہیں اور اس کے لیے پیپلزپارٹی نے فاٹا کے آزاد سینیٹرز کی حمایت حاصل کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

تفصیلات مسلم لیگ ( ن ) کے قائد میاں نوازشریف کی سربراہی میں اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس ہوا جس میں جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، پشتونخوا میپ کے محمود خان اچکزئی اور نیشنل پارٹی کے حاصل بزنجو شریک ہوئے جب کہ اجلاس میں ( ن ) لیگ کے سینئر رہنما بھی موجود تھے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں نوازشریف نے اتحادی جماعتوں کے سامنے تجویز رکھی کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے رضا ربانی کو اگر چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کے طور پر سامنے لایا جاتا ہے تو اس فیصلے کی حمایت کی جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی تجویز کو اتحادی رہنماو¿ں کی جانب سے خوش آئند قرار دیا گیا ہے اور تجویز کی بھرپور حمایت کی گئی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اگر رضا ربانی کے علاوہ دوسرے کسی امیدوار کو سامنے لایا جائے گا تو ( ن ) لیگ اور اس کی اتحادی جماعتیں اس کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں طے پایا کہ تمام اتحادی جماعتیں پہلے اپنے نمبر پورے کریں گی، نمبر گیم کی تعداد پوری ہونے کے بعد مشاورت کی جائے گی اور پھر تمام اتحادی جماعتیں اپنے امیدواروں کو سامنے لائیں گی۔اجلاس کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں حاصل بزنجو نے کہا کہ ہمارے پاس 54 ارکان ہیں اور ہمارے نمبر پورے ہیں لہٰذا چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا فیصلہ پرسوں یا کل شام تک ہوجائے گا۔


ای پیپر