بھارتی اداکار شاہ رخ خان کی کزن پشاور سے جنرل نشست پر الیکشن لڑیں گی
07 جون 2018 (22:07)

پشاور :بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی پشاور میں رہائش پذیر کزن نور جہاں نے عام انتخابات 2018 میں جنرل نشست پر آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا۔


تفصیلات کے مطابق نور جہاں سیاست میں کئی سالوں سے سرگرم ہیں، ان کا تعلق تو عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) سے ہے تاہم اس مرتبہ وہ آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیں گی ۔اس حوالے سے انہوں نے اپنی انتخابی مہم بھی شروع کر رکھی ہے ٗ نور جہاں اس سے قبل کونسلر بھی رہ چکی ہیں۔ پشاور کے تاریخی محلہ شاہ ولی قتال کی رہائشی نور جہاں کی وجہ شہرت بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی کزن ہونا ہے۔ شاہ رخ خان کی چچازاد بہن نور جہاں نے بتایا کہ وہ پی کے 77 سے الیکشن لڑیں گی ۔نور جہاں نے بتایا کہ عوامی نیشنل پارٹی سے کچھ ناراضگی کی وجہ سے انہوں نے ٹکٹ نہیں مانگا اور وہ آزاد حیثیت میں الیکشن لڑیں گی ۔


انہوں نے کہاکہ جس طرح لوگ شاہ رخ خان کے فین ہیں، تو توقع ہے کہ لوگ مجھے بھی سپورٹ کریں گے۔نور جہاں کے علاقے میں رہائش پزیر ایک شخص جاوید نے بتایا کہ وہ ہر غمی خوشی میں ہمارے ساتھ ہوتی ہیں ٗہمیں جو بھی کام ہو تو یہ اس کے لیے آگے آگے ہوتی ہیں، اس لیے ہم انہیں سپورٹ کریں گے۔خیبر پختونخوا میں بھی آنے والے انتخابات میں بڑی تعداد میں خواتین جنرل نشستوں پر الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہیں ٗایسے میں نور جہاں کہتی ہیں کہ اگر وہ انتخاب جیت گئیں تو روایت سے ہٹ کر خدمت کی سیاست کریں گی ۔


ای پیپر