صاف شفاف انتخابات میری ترجیح ہوں گے : پروفیسر حسن عسکری

07 جون 2018 (17:08)

لاہور: نامزد نگران وزیراعلیٰ پنجاب پروفیسر حسن عسکری کل ( جمعہ ) اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے جبکہ انکا کہنا ہے کہ صاف شفاف انتخابات ترجیح ہوگی، کوئی سیاسی ایجنڈا تھا نہ ہوگا، غیر جانبداری سے انتخاب کرائوں گا۔


تفصیلات کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق نہ ہونے پر پنجاب میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوایا گیا تھا اور الیکشن کمیشن نے پروفیسر حسن عسکری کو پنجاب میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نامزد کر دیا جو کل (جمعہ) کو گورنر ہائوس لاہور میں اپنے عہدے کا باقاعدہ حلف اٹھائیں گے ۔ایک گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مخالفین دوسروں کے بارے میں رائے دیتے رہتے ہیں، مسلم لیگ (ن) بھی رائے دے رہی ہے، اگر انہوں نے میری تقرری کو چیلنج کرنا ہے تو کردیں، مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔


پروفیسر حسن عسکری نے مزید کہا کہ میں اپنے منصب کا غلط استعمال نہیں کروں گے ، مجھے الیکشن کمیشن نے نگران وزیر اعلی مقرر کیا ہے اور آئینی طور پر اس عہدے پر مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مختصر اور پروفیشنل افراد پر مشتمل کابینہ ہوگی، کبھی کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں رہا، پنجاب بڑا صوبہ ہے یقینا بھاری ذمہ داری عائد ہوئی ہے۔ انتخابات صاف اور شفاف کرواں کا، کوئی جماعت پریشان نہیں ہو، میں اپنی آئینی ذمہ داری پوری کروں گا۔

مزیدخبریں