file photo

لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ پر فرد جرم عائد
07 جولائی 2020 (12:10) 2020-07-07

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ پر فرد جرم عائد کر دی، مجرم کے صحت جرم سے انکار پر عدالت نے تفتیشی افسر اور گواہوں کو نوٹس جاری کر دئیے۔

عذیر بلوچ کو سخت سکیورٹی میں منہ ڈھانپ کر سینٹرل جیل میں قائم عدالت میں پیش کیا گیا، دوسری جانب عذیر بلوچ کی جے آئی ٹی رپورٹ صوبائی وزارت داخلہ کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی۔

پیشی کے موقع پر سینٹرل جیل میں قائم عدالت میں رینجرز کی بھاری نفری تعینات تھی، مقدمہ میں عذیر بلوچ کا بھائی زبیر بلوچ اور دیگر بھی گرفتار ہیں، دیگر ملزمان پر فرد جرم پہلے ہی عائد کی جاچکی ہے۔

ادھر محکمہ داخلہ سندھ نے عذیر بلوچ بلوچ کی جے آئی ٹی رپورٹ ویب سائٹ پر جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق عذیر بلوچ بلوچ نے 198 افراد کو قتل کرایا۔ پولیس افسران بھی سہولت کاروں میں شامل رہے۔ ملزم عذیر بلوچ بلوچ نے کئی پولیس افسران بھی تعینات کرائے تھے۔

واضح رہے کہ جے آئی ٹیز اپ لوڈ ہوتے ہی محکمہ داخلہ کی ویب سائٹ کا لنک ڈاؤن ہوگیا ، تاہم چند گھنٹے بعد ویب سائٹ بحال ہوگئی۔


ای پیپر