Source : Social Media

مریم نواز نے وطن واپسی کی تاریخ کا اعلان کر دیا
07 جولائی 2018 (21:37) 2018-07-07

لندن:مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے 13جولائی بروز جمعہ کو اپنے والد نوازشریف کے ہمراہ وطن واپسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ہمارا فیصلہ تھا کہ والدہ کے ہوش میں آنے تک وطن واپس نہیں جائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر نے امید دلائی ہے کہ والدہ آئندہ چند روز میں ہوش میں آجائیں گی ،اب میں اور میرے والد نوازشریف جمعہ کو پاکستان جائیں گے ،25جولائی کو عوامی عدالت لگے گی ،کارکن الیکشن کی تیاری کریں، نوازشریف پر کرپشن اور منی لانڈرنگ کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوا ،جب برطانیہ اس ٹرسٹ ڈیڈ کو درست کہہ رہا ہے تو پاکستانی عدالت اس ٹرسٹ ڈیڈ کو کیسے غلط قرار دے سکتی ہے ،میں اور میرا بھائی آج بھی اس ٹرسٹ ڈیڈ کو اون کرتے ہیں ،ریڈ وارنٹس کو اپنے پاس رکھیں اور ان کو ڈکٹیٹر کےلئے سنبھال کر رکھیں ۔ وہ ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کررہی تھیں ۔

مریم نواز نے کہا کہ پورا فیصلہ مفروضات پر دیا گیا ، نوازشریف کا احتساب جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں بھی ہوا، سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف بھی نوازشریف کے خلاف کچھ ثابت نہ کر سکے ، منی لانڈرنگ کے الزامات سے نوازشریف کو بری کردیا گیا ، نوازشریف پر کرپشن اور منی لانڈرنگ کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوا، فیصلہ میں لکھا ہے کہ کرپشن کا ثبوت نہیں ملا مگر اس کے باوجود بھی سزا دی گئی ، فیصلے میں لکھا ہے کہ نوازشریف نے کوئی کرپشن نہیں کی ۔

انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ ڈیڈ میرے اور میرے بھائی کے درمیان تھی اس سے کسی فریق کا کوئی نقصان نہیں ہوا، میں اورمیرا بھائی آج بھی اس ٹرسٹ ڈیڈ کی ملکیت تسلیم کرتے ہیں ، عدالت یا کوئی اور شخص یہ کہنے والا کون ہوتا ہے کہ ٹرسٹ ڈیڈ غلط ہے ، برطانیہ جب اس ٹرسٹ ڈیڈ کو درست کہہ رہا ہے تو پاکستانی عدالت اس ٹرسٹ ڈیڈ کو کیسے غلط قرار دے سکتی ہے ، ایک منتخب وزیراعظم کے ساتھ بدترین سلوک کیا گیا اور ان کا میڈیا ٹرائل کیا گیا ۔

مریم نواز نے کہا کہ ریڈ وارنٹس کو اپنے پاس رکھیں اور ان کو ڈکٹیٹر کےلئے سنبھال کر رکھیں ، پہلے ہمارا فیصلہ تھا کہ والدہ کے ہوش میں آنے تک وطن واپس نہیں جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر نے امید دلائی ہے کہ والدہ آئندہ چند روز میں ہوش میں آجائیں گی ۔ مریم نواز نے جمعہ کو وطن واپس آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہ میں اور میرے والد نوازشریف جمعہ کو پاکستان جائیں گے ۔ مریم نواز نے کہاکہ25جولائی کو عوامی عدالت لگے گی ،کارکن الیکشن کی تیاری کریں ۔


ای پیپر