Source : Yahoo

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا برطانوی حکومت سے نوازشریف کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ
07 جولائی 2018 (17:55) 2018-07-07

لندن: بدعنوانی کے خلاف جدوجہد کرنے والی بین الاقوامی تنظیم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے برطانوی حکومت سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈریفرنس کے عدالتی فیصلے کے بعد اپنے ایک بیان میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی برطانیہ میں موجود نمائندہ ریچل ڈیویس نے برطانوی حکام سے مطالبہ کیا کہ نواز شریف کو سنائی جانے والی سزا میں لندن کی جن جائیدادوں کا تذکرہ ہے، ان جائیدادوں سے متعلق تحقیقات کی جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ برطانوی حکام اس بات کو یقینی بنائیں کہ شریف خاندان لندن میں کرپشن سے بنائی گئی جائیداد کواستعمال نہ کرسکے۔تنظیم نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ حکام برطانیہ میں ناجائز ذرائع سے بنائی گئی شریف خاندان کی دیگر ممکنہ جائیدادوں کاپتہ چلانے کی کوشش بھی کریں گے۔تنظیم کا کہنا تھا کہ یہ اہم ٹیسٹ کیس ہے کہ برطانوی حکومت کرپشن کے پیسے کے خلاف کریک ڈاﺅن میں کتنی سنجیدہ ہے۔

تنظیم نے اس سلسلے میں برطانیہ میں ہونے والی اس قانون سازی کا بھی تذکرہ کیا ہے کہ جس میں یہ پابندی لگائی گئی ہے کہ برطانیہ میں جائیداد خریدتے وقت اصل مالکان کانام ظاہر کرنا ہوگا۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کو لندن میں محفوظ پناہ گاہ فراہم نہ کی جائے۔تنظیم کا مزید کہنا تھا کہ اگر ثابت ہوگیا کہ لندن میں جائیدادیں کرپشن کے پیسے سے خریدی گئی ہیں، تو ضبطگی کی کارروائی کی جانی چاہیے۔


ای پیپر