Source : Yahoo

آصف زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی کا 11 جولائی تک کیلئے ریمانڈ منظور
07 جولائی 2018 (17:09) 2018-07-07

کراچی:جوڈیشل مجسٹریٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی اور نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی اور ان کے ساتھی محمد طحہ کا 11 جولائی تک کیلئے جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے ملزم حسین لوائی اور شریک ملزم محمد طحہ کو سخت سیکیورٹی میں کراچی کی سٹی کورٹ لائے جہاں انہیں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت میں ایف آئی اے نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس کی مخالفت کرتے ہوئے حسین لوائی کے وکیل شوکت حیات نے کہا کہ میرے موکل کا ایف آئی اے پہلے بھی بیان لے چکا ہے، اس لیے مزید کسی ریمانڈ کی ضرورت نہیں۔

اس موقع پر ایف آئی اے حکام نے عدالت کو بتایا کہ حسین لوائی کے خلاف جعلی اور گمنامی اکاونٹس کی تحقیقات جاری ہیں اوراس حوالے سے مزید تفصیلات درکار ہیں۔عدالت نے ایف آئی اے کی استدعا منظور کرتے ہوئے حسین لوائی اور محمد طحہ کو 11 جولائی تک جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا۔


ای پیپر