Image Source : Cricinfo

ویرات کوہلی نے 10سالہ کیرئیر کا یادگار لمحہ شائقین کرکٹ سے شیئر کر دیا
07 جنوری 2019 (20:59) 2019-01-07

سڈنی:بھارتی ٹیم کے کپتان اور سٹار بلے باز ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ آسٹریلوی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں فتح میرے کیریئر کا باعث فخر اور یادگار لمحہ ہے، کینگروز کو ہوم گراﺅنڈ پر شکست دینا ٹیم کا بڑا کارنامہ ہے اور اس سے ٹیم کو ایک مختلف شناخت ملے گی۔

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ ڈرا ہو گیا تھا اور سیریز 2-1 سے بھارت کے نام رہی تھی، بھارتی ٹیم نے 71 برس بعد آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں شکست دی ہے۔پیر کو آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد کوہلی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے 10 سالہ کیریئر کا یادگار اور قابل فخر لمحہ ہے جسے نہ صرف کھلاڑی بلکہ شائقین طویل عرصے تک یاد رکھیں گے۔

آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں ہرانا بلاشبہ ایک تاریخی فتح ہے اور اس کارنامے پر تمام کھلاڑی خوش ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ اس سیریز میں فتح کے بعد ہماری ٹیم کو مختلف شناخت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ بہت اہمیت کا حامل ہے اور ہماری ٹیم بہتر سمت کی طرف گامزن ہے، امید ہے کہ کھلاڑی مستقبل میں ہونے والی سیریز میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم کو مزید فتوحات دلائیں گے۔


ای پیپر