پاکستان کی تباہ کن بائولنگ ،انگلینڈ بیٹنگ کے پرخچے اُڑا دئیے
07 اگست 2020 (19:14) 2020-08-07

مانچسٹر: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران قومی بلے بازوں کے بعد باؤلرز نے بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے انگلش ٹیم کو پہلی اننگز میں 219 رنز پر ڈھیر کر دیا ہے اور اسے 107 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز انگلینڈ نے 92 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا تو شاداب خان نے 127 کے مجموعی سکور پر اولی پوپ کا شکار کر لیا جنہوں نے62 رنز بنائے۔ 159 کے مجموعی سکور پر جوز بٹلر بھی ہمت ہار بیٹھے اور 38 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ مجموعی سکور میں صرف 2 رنز کے اضافے کے بعد ڈومینک بیس بھی چلتے بنے، وہ 1 سکور بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ 

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ سب سے کامیاب باؤلر ٹھہرے جنہوں نے18 اوورز میں 66 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد عباس اور شاداب خان نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 


ای پیپر