Source : Yahoo

عمران خان کی 11رکنی کابینہ۔۔۔پاکستان الیون کے نام سامنے آگئے
07 اگست 2018 (18:53) 2018-08-07

اسلام آباد:عام انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے والی جماعت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پہلے مرحلے میں 11رکنی کابینہ کے ساتھ حلف اٹھائیں گے۔ عمران خان کی 11رکنی کابینہ پاکستان الیون کے نام سے حلف اٹھائے گی۔11 رکنی متوقع کابینہ کے اراکین میں اسد عمر خسرو بختیار، شیریں مزاری، چودھری سرور، ڈاکٹر عارف علوی، شیخ رشید فواد چودھری طارق بشیر چیمہ‘پرویز خٹک غلام سرور خان شامل ہوں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کچھ ارکان کو وزیر مملکت بھی بنایا جا رہا ہے۔ باخبر پارلیمانی ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب کے وزیر اعلی کا نام 10 اگست تک سامنے آجائے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عام انتخابات 2018 میں میں کامیاب ہونے والے ارکان کی حلف برداری کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کئے جانے کا امکان ہے جبکہ وزیراعظم کا انتخاب 15 اگست کو متوقع ہے۔ ذرائع قومی اسمبلی کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ابتدائی طور پر شیڈول تیار کر لیا ہے۔ جس کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ارکان اسمبلی کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کرنے کے بعد 10 اگست تک آزاد ممبران سیاسی جماعتوں میں شمولیت اختیار کریں گے اور اسی طرح 11 اگست کو مخصوص نشستوں کے لیے اقلیتی اور خواتین ممبران کے نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن سے جاری کئے جائیں گے۔جس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو بلایا جائے گا۔ 13 اگست کو ارکان حلف اٹھائیں گے جبکہ اسپیکرقومی اسمبلی اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا انتخابات بھی 13 اگست کو ہی متوقع ہے جس کے بعد 15 اگست کو ممکنہ طور پر وزیراعظم کا انتخاب ہوگا۔ وزارت عظمی کے عہدے کے لیے تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہی منعقد کی جائے گی جس میں چند مہمانوں کو مدعو کیا جائے گا اور ان مہمانوں میں 1992 کے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔


ای پیپر