کرونا وائرس :ایسے ہوتے ہیں وزیر اعظم ،بطور ڈاکٹر خدمات سرانجام دینا شروع کردیں
07 اپریل 2020 (20:55) 2020-04-07

ڈبلن:جزیرہ نما یورپی ملک آئرلینڈ کے وزیر اعظم 41 سالہ لوئے ورادکر نے ملک میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ اور وہاں پر ڈاکٹرز کی قلت کے باعث بطور ڈاکٹر ذمہ داریاں ادا کرنا شروع کردیں۔لوئے ورادکر سیاست میں متحرک ہونے سے قبل بطور ڈاکٹر خدمات سر انجام دیتے تھے تاہم 2013 میں انہوں نے سیاست میں انٹری دی تو انہوں نے خود کو ڈاکٹری کے پیشے سے الگ کرلیا۔سیاست میں آتے ہی انہیں کامیابی ملی اور چند ہی سال میں وہ ملک کے وزیر دفاع بھی بن گئے۔

اس سے قبل ہی انہوں نے آئرلینڈ کی سیاست اور حکومتی معاملات میں خود کو منوایا تھا۔ وزیر دفاع کی خدمات شاندار انداز سے سر انجام دینے کے بعد 2017 میں ہونے والے انتخابات میں اپنی پارٹی کی شاندار کامیابی کے بعد لوئے ورادکر وزیر اعظم بنے اور وہ دیکھتے ہی دیکھتے ملک کے مقبول رہنماؤں میں شمار ہونے لگے تاہم کورونا وائرس جیسی عالمی وبا کے پھیلاؤ کے بعد وہاں ملک میں ڈاکٹرز کی قلت کے بعد انہوں نے بطور ڈاکٹرز ذمہ داریاں ادا کرنا شروع کردیں۔

امریکی میگزین ٹائمز کے مطابق آئر لینڈ کے وزیر اعظم نے گزشتہ ماہ مارچ میں میڈیکل کونسل کو دوبارہ اپنی رجسٹریشن کے لیے درخواست دی تھی اور کہا تھا کہ وہ بھی مشکل کی اس گھڑی میں بطور ڈاکٹر اپنی ذمہ داریاں نبھانا چاہتے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ میڈیکل کونسل نے وزیر اعظم کی درخوست قبول کرلی ہے، جس کے بعد وہ آن لائن لوگوں کو کورونا وائرس کے حوالے سے ہفتے میں ایک دن معلومات فراہم کرنے سمیت انہیں علاج بھی بتائیں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم کی اہلیہ، بہن اور والدین پہلے ہی ڈاکٹری پیشے سے وابستہ ہیں اور وہ کورونا وائرس کی اس مشکل گھڑی میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔علاوہ ازیں آئرلینڈ حکومت کی جانب سے اپیل کے بعد وہاں کے 5 ہزار ریٹائرڈ ڈاکٹرز نے بھی خود کو کورونا وائرس کی ڈیوٹی کے لیے رجسٹرڈ کروایا ہے، جن کی خدمات سے حکومت مختلف شفٹوں اور اوقات میں فائدہ اٹھا رہی ہے۔آئرلینڈ میں 7 اپریل کی شام تک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 5 ہزار 364 تک جا پہنچی تھی جب کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد بھی 174 سے زائد ہو چکی تھی،آئر لینڈ میں کورونا وائرس سے حفاظتی انتظامات کے تحت لاک ڈاؤن نافذ ہے اور لوگوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔


ای پیپر